نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں انجری کی وجہ سے باہر بیٹھنا پڑاتھا، بابر اعظم

لاہور (جسارت نیوز)قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لئے مکمل تیار ہیں جنوبی افریقا اچھی ٹیم ہے اس کے خلاف کامیابی اہم ہوگی مجھے اپنے بولرز پر پورا بھروسہ ہے آئندہ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے محمد عامر پرفارم کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ منگل کو ٹریننگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں انجری کی وجہ سے باہر بیٹھنا تکلیف دہ وقت تھا، انجری سے مکمل چھٹکارا حاصل کرکے پریکٹس شروع کردی ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لئے مکمل تیار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ طویل عرصے بعد جنوبی افریقاکی ٹیم کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہے تاہم ہوم سیریز میں شائقین کی کمی محسوس ہوگی۔ بابر اعظم نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم کو میری ضرورت تھی مگر میں نہیں کھیل سکا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے جنوبی افریقا اچھی ٹیم ہے اس کے خلاف کامیابی اہم ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ابھی نئے چیف سلیکٹر سے ملاقات نہیں ہوئی ٹیم کے حوالے سے حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ بابراعظم نے کہا کہ محمد حفیظ سینئر کھلاڑی ہیں ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے لئے محمد حفیظ کو روکنے کے لئے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ بابر اعظم نے کہا کہ عبداللہ شفیق اور دیگر کھلاڑیوں میں بڑا کھلاڑی بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ محمد عامر کو خراب فارم کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا محمد عامر پرفارم کریں گے تو سلیکٹرز ضرور ان سے بات کریں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں