تعارف

(صفدر ہمدانی)

القمر آن لائن

‘القمر آن لائن’ اردو نیوز نیٹ ورک انٹرنیٹ پر اردو کورواج دینے والا اولین ادارہ ہے، جس کے تحت چلنے والی ویب سائٹ اردو کی سب سے بڑی ویب سائٹ ہے۔ جسے ماضی و حال کے نامور اور معاصر ادیبوں اور دانشوروں کی تخلیقات سے مزین کیا گیا ہے۔’القمر آن لائن’ اردو کا معیاری نیوز نیٹ ورک اورویب سائٹ ہے، جو اسلام، وطنیت اور اپنی ثقافت کو جدید دنیا میں متعارف کروارہاہے۔ ‘القمر آن لائن’ پراردو زبان میں کیا جانے والا کام موثر انداز میں 1999ء سے پیش کیاجارہا ہے۔

لندن ،کوپن ہیگن، ناروے، اور اسلام آباد سے جاری ہونے والے اردو کے اس پہلے اور سب سے بڑے نیٹ ورک میں دنیامیں اطلاعات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اسلامی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔اس نیٹ ورک میں مختلف سیکشن رکھے گئے ہیں، جو ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کے لئے دلچسپی کا ساماں لئے ہوئے ہیں۔ یہ سب کوششیں رضاکارانہ طور پر ہیں۔

دنیا کے مشہور صحافتی اداروں ، نیوز ایجنسیوں، براڈ کاسٹنگ آرگنائزیشنز اور اخبارات نے اسے بہترین اردو ویب سائٹ قرار دیا ہے۔ یہ سائٹ روزانہ ہزاروں لوگوں کی نظروں سے گزرتی ہے۔

‘القمر آن لائن’ اردو ادب اور اردو نیوز کی ویب سائٹ ہونے کے ناطے اسلامی اور قومی موقف کی تائید کے لئے علمائ، دانشوروں، صحافیوں ، طلبائ، نوجوانوں، خواتین، ادیبوں، شاعروں ، پروفیسرز، ماہرین سیاسیات، ماہرین نفسیات، ڈاکٹرز، وکلائ، فلاسفرز، آئی ٹی پروفیشنلز کی ایک بڑی تعداد پر مشتمل تھنک ٹینک ہے۔ اور یہ فورم عوام الناس کی ذہن سازی میں نمایاں کردار ادا کر رہاہے۔

القمر آن لائن کو روزانہ پڑھنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ہم اپنی مساعی میں خاصی حد تک کامیاب ہیں. کامیابی کا یہ احساس ہمیں مزید آگے بڑھنے میں مدد فراہم کر رہا ہے.ہمارے مستقل قارئین کے ساتھ ساتھ نئے نئے قاری بھی شامل ہو رہے ہیں اور اسی وجہ سے ہم بھی القمر آن لائن کی ظاہری شکل و صورت اور مواد کے حوالے سے بھی برابر تبدیلیاں کر رہے ہیں. قارئین نے اس بات کو محسوس کیا ہے کہ القمر آن لائن کا صفحئہ اول بھی خاصی تبدیلیوں سے گزرنے کے بعد اس موجودہ شکل میں آپ کے سامنے ہے اور اسے یہ صورت دینے کے لیئے ہم نے عالمی سطح پر ہونے والی تحقیق سے بھی مدد لی ہے اور ماہرین کی رائے بھی.

یہاں پر یہ بات اہم بھی ہے اور قابل افسوس بھی کہ اطلاعات کی انٹرنیٹ پر ترتیب وتدوین اور پیش کش کے لحاظ سے ہمارے تکنیکی لوگ بالکل بے خبرہیں۔اور اطلاعات کی بنیاد پر ڈیزائن کی جانے والی تمام ویب سائٹس بغیر کسی تحقیق اور رائے عامہ کے جائزوں کے بنائی جار ہی ہیں، لیکن القمر آن لائن نے خالصتاً تحقیقی ، تکنیکی اور پیشہ وارانہ افراد کا تعاون حاصل کرنے کے بعد اسے Digitizeکیاہے۔

القمر آن لائن ۔۔ اردو بلاگنگ کا سرخیل

اردو بلاگنگ کا آغاز 16 سال پہلے ہوا۔ اس عرصے میں اردو بلاگنگ کو زیادہ فروغ اور وسعت نہیں ملی۔  اس کے مقابلے میں دیگر زبانوں کے بلاگ ہر چار پانچ ماہ میں دوگنے ہو جاتے ہیں۔ پاکستانی انگریزی بلاگ لے لیں یا فارسی بلاگ یا انڈین بلاگ سب ہی انتہائی تیزی سے بڑھے ہیں۔

ان سب کی exponential growth تشریحی وسعت ہے یعنی اس طرح سے ایک رفتار کے ساتھ اضافہ ہوتا ہے اور کم مدت میں بنیادی تعداد دوگنا ہو جاتی ہےجبکہ اردو بلاگز کی وسعت پزیری linear growthمستقیمی خط کی ہے اور ماہرین کے مطابق اس طرح کے فروغ میں ایک سو بلاگز کو دوگنا ہونے میں کوئی ایک سو سال لگتے ہیں اور اول الذکر نظام میں یہ مدت کوئی تیس برس کے قریب ہے۔

یہ فارمولا اگرچہ آبادی کے تناسب کے لیئے استعمال ہوتا ہے لیکن بلاگز کے ماہرین نے وسعت پزیری کے لیئے اسی فارمولے کو مستعمل قرار دیا ہے۔

وسعت پزیری کی اس پریشان‌کن صورت حال سے قطع نظرزیادہ پریشان کرنے والی بات یہ ہے کہ اردو بلاگ یا فورمز کے قارئین بہت کم ہیں اور بہت سستی روی سے ان میں اضافہ ہورہا ہے۔

دور جدید میں بلاگنگ اظہار کا ایک بہت مضبوط اور اہم وسیلہ ہے اور جو قوم اسے استعمال نہیں کرے گی وہ یقینا ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گی۔ بلاگنگ لوگوں کو آزادی اظہار کی بہترین شکل بھی فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی شخص اپنے خیالات اپنی مرضی کے اسلوب میں اپنے من پسند طریقے سے پیش کر سکتا ہے اور اپنے خیالات پر دوسروں کے تبصروں کو بھی مکمل طور پر کنٹرول کر سکتا ہے ۔

یہ ایسی چیزیں ہیں جو پہلے میسر نہ تھیں اور اب بھی بلاگنگ کے علاوہ اور کہیں میسر نہیں ہیں۔ بلاگنگ کو جدید صحافت میں بھی ایک اہم مقام حاصل ہے اور اکثر بیشتر عوامی رائے جاننے کے لیے بلاگ لکھنے والوں کی رائے معلوم کی جاتی ہے کیونکہ وہ بے لاگ اور لگی لپٹی رکھے بغیر اپنی آرا کا اظہار کرتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق ایک عام اردو بلاگ کو 20 سے 30 قاری روزانہ پڑھتے ہیں اور زیادہ اردو بلاگز کو پڑھنے والے وہی لوگ ہیں یعنی تمام اردو بلاگز کے قاری اکٹھے کئے جائیں تو شاید 200 سے زیادہ نہ ہوں۔ ایسی صورت میں نئے اردو بلاگز کہاں سے آئیں گے؟ اس اعداد و شمار کا مقابلہ بڑے بڑے بلاگز کی بجائے عام پاکستانی انگریزی بلاگ سے بھی کیا جائے تو صورت حال خاصی گھمبیر ہے۔

اردو کے حوالے سے اسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے القمر آن لائن ‘‘اردو بلاگرز ‘‘نامی پلیٹ فارم کو وجود میں لایا ۔ اردو بلاگرز کا مقصد اردو میں بلاگ لکھنے والے تمام لوگوں کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے، جہاں سب مل کر ایک ایسا نیٹ ورک تشکیل دیں جو اردو بلاگ لکھنے والوں کی ایک مشترکہ شناخت ہو، اور ہر بلاگر کے اپنے بلاگ کی انفرادی حیثیت بھی برقرار رہے۔ جہاں وہ تمام ایک ایسے رشتے سے جڑے ہوں جو اردو زبان اور اردو بلاگ لکھنے والوں کو ایک دوسرے کے قریب رکھے۔

اردو بلاگرز پر اردو پڑھنے اور لکھنے والوں کے لئے ایک مددگار یعنی سپورٹ فورم مہیا کیا جائے گا اور ہر طرح کی تکنیکی مدد کے ساتھ ساتھ اردو بلاگ لکھنے والوں کی ایک پہچان بھی بنائی جائے گی۔ ہم کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے طریقے کو آسان تر بنانے کے لیئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایسے میں آپ کو بھی رومن لکھنے کی بجائے اردو لکھنے کی طرف راغب ہونا ہو گا اور اس کام کے لیئے کچھ محنت کرنا پڑے گی،اور یہ ضمانت ہم دیتے ہیں کہ اردو لکھنے والا ایک عام آدمی بھی زیادہ سے زیادہ دو یا تین روز میں کمپیوٹر پر اردو لکھنے کے قابل ہو سکتا ہے۔

ہمیں اردو کے نام پر رومن کو فروغ دینے کی بجائے اپنی زبان اور اسکے رسم الخط کو فروغ دینا چاہیئے کیونکہ یہ کام کوئی انگریز، چینی، روسی، عربی، ایرانی، امریکی یا یورپی نہیں کرے گا اور اسے ہمیں خود کرنا ہو گا۔ یہ بھی یاد رہے کہ رومن کوئی رسم الخط نہیں ہے اور نہ ہی اس کے کوئی بنیادی اصول ہیں۔یہ تو اردو لکھنے کا ایک آسان ذریعہ تلاش کر لیا گیا ہے جس سے اردو زبان کی بجائے رومن کو فروغ مل رہا ہے۔

اس حوالے سے ہم تمام اردو بلاگرز سے درخواست کرتے ہیں، کہ ہمیں اس سلسلے میں اپنی تجاویز ارسال کریں اور اپنے بلاگ کو اس مشترکہ کوشش کا حصہ بنائیں۔ اپنی رائے کا اظہار کریں اور اردو بلاگنگ کو مقبول بنانے اور وسعت دینے میں ہماراہاتھ بٹائیں۔

فروغ اردو اور القمر آن لائن

القمر آن لائن نے قارئین کو اس ویب سائٹ میں براہ راست شامل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے جسے انٹر نیٹ ویب سائٹ کی اصطلاح میں ” انٹر ایکٹو” کہتے ہیں۔ ہماری یہ سب کوششیں صرف ویب سائٹ تک محدود نہیں ہیں.ارود زبان میں نستعلیق رسم الخط کا ایک بہت برا مسلہ اسکا ”یونی کوڈ” نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے.القمر آن لائن دنیا بھر میں اردو ویب سائٹ کے منتظمین کے علاوہ اس شعبے کے ماہرین سے مسلسل رابطہ رکھے ہوئے ہے کہ کس طرح نستعلق رسم الخط کو یونی کوڈ بنایا جائے. اسی طرح صحافت میں ایک نیا اور جدید رخ ‘سائبر جرنلزم’ ہے اور اس طرف بھی پہلا قدم القمر آن لائن ہی اٹھا رہی ہے.پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سائبر میڈیا اور سائبر جرنلزم اس وقت دور جدید کا اہم تقاضا اور ضرورت ہے۔ اس بارے میں صرف یہ کافی ہے کہ القمر آن لائن وہ ادارہ ہے جس نے سائبر جرنلزم کی بنیاد رکھی، اور یہی سائٹ سائبر جرنلزم کے میدان میں ایک معیار بن چکی ہے۔ جس کی بنیاد پر اب سائبر جرنلزم کے اصول و ضوابط طے کئے جارہے ہیں۔

آپکی اس پسندیدہ ویب سائٹ کو بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق بنانے کے لیئے ہماری کوشیں برابر جاری رہیں گی اور اس سلسلے میں ہم اپنے معزز قارئین کی تجاویز کا بھی خیر مقدم کریں گے.

پاکستان میں‌عام انتخابات اور القمرآن لائن

ذرائع ابلاغ کی دنیا میں آج ٹی وی کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ کی اہمیت سے بھی انکار ناممکن ہے اور اسی انٹرنیٹ نے پاکستان کے18فروری 2008کے انتخابات میں پولنگ سے پہلے اور پھر نتائج عوام تک پہنچانے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ہے اور ہمیں فخر ہے کہ القمر آن لائن انٹر نیٹ کی دنیا میں صف اول کی ایسی ویب سائٹ رہی ہے جس نے نہایت قلیل افرادی قوت اور کم تر وسائل کے ساتھ ایک عالمی نیٹ ورک تشکیل دے کر ویب سائٹ کی دنیا میں متعدد کثیر وسائل والے اداروں کی ویب سائٹوں سے بہت پہلے ،تیز ترین اور درست ترین نتائج ویب ریڈرز تک پہنچائے ہیں جسکا اعتراف ہمیں ملنے والی متعدد ای میل اور موبائل کے پیغامات میں کیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لیئے ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی دنیا بھر میں خبروں کی تین بڑی اردو ویب سائٹوں میں سے ایک ‘‘القمر آن لائن‘‘ نے پاکستان کے انتخابات کے موقع پر تازہ ترین خبروں اور انتخابات کے نتائج اور ان نتائج کے حوالے سے القمر آن لائن کے مبصرین کے تبصرے قارئین تک براہ راست‘‘ لائیو‘‘ پہنچانے کا انتطام کیا تھا۔

متعدد ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے اس سلسلے میں القمر آن لائن کی کارکردگی کو سراہا .یہ پاکستان کی تاریخ میںپہلا موقع تھا جب کہ آن لائن انتخابات کے نتائج پیش کئے گئے۔

القمر آن لائن نیوز نیٹ ورک پر الیکشن 2002کی طرح 2008 میں بھی انتخابات کے موقع پر پاکستان میں سب سے پہلے براہ راست نتائج(Live Coverage) انٹرنیٹ پر پیش کئے گئے۔ جس سے دنیا کی تمام بڑی نیوز ایجنسیوں، اخبارات، نیوز چینلز، ٹی وی، جرائد، ویب سائٹس نے استفادہ کیا۔

القمر آن لائن یونی کوڈ میں ، ایک اہم سنگ میل

القمر آن لائن نے اپنے قارئین کی دلچسپی اور اعتبار کی بدولت ایک طویل سفر مختصر عرصے میں طے کیا اور دو مارچ ٢٠٠٧ جمعے کے روز سے اردو کی یہ بڑی ویب سائٹ ایک نئے اور جدید ترین انداز میں سامنے آ ئی ۔ ٹیکنالوجی کی اس دنیا میں اردو زبان اور پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر روشناس کروانے کے ساتھ اس ویب سائٹ کا مطمع نظر آزاد اور مثبت صحافت کے ساتھ ساتھ مہذب انداز میں خامیوں اور منفی اقدار کو طشت از بام کرنا ہے۔

القمر آن لائن کو جدید شکل دینے کے لیئے فنی اور تکنیکی تیاریوں کوفروری 2007 ء میں اسوقت حتمی شکل دی گئی جب القمر کے لندن اور اسلام آباد بیورو کا اجلاس اسلام آباد میں القمر کے دفتر میں ہوا۔

اس ویب سائٹ کی تمام تر تکنیکی اور فنی خدمات خود سائٹ کے گروپ ایڈیٹر  نے سرانجام دیں

نئے انداز میں اب یہ شاید پہلی اردو ویب سائٹ ہے جو کسی بھی عالمی ویب سائٹ کے مقابلے میں رکھی جا سکتی ہے اور محدود ترین وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ شاید یہ ایک ریکارڈ ہو۔

(یہ تعارف 2007 میں تحریر کیا گیا)

2 تبصرے “تعارف

اپنا تبصرہ بھیجیں