ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مراد علی شاہ نے پورا سندھ تباہ کردیا ہے فردوس شمیم نقوی

وزیر اعلیٰ سندھ نے آج ایک بار پھر ایوان کی تذلیل کی، مراد علی شاہ سندھ بینک کو تباہ کرچکے ہیں، آج کراچی کچرا کنڈی بن چکا ہے، قائد حزب اختلاف
آرٹیکل 149 میں کہیں نہیں لکھا ہوا کہ وفاق کنٹرل سنبھالے گا، کام مراد علی شاہ نے کرنا ہے اور ان سے کام عمران خان کرائے گا، پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر اس ایوان کی تذلیل کی گئی، وزیراعلیٰ سندھ نے آئوٹ آف ٹرن تقریر کی اور ہم نے وزیراعلیٰ کی تقریر کے بعد قرارداد پر بات کرنے کے لیے 11 نام پیش کیے مگر حسنین مرزا کی تقریر کے دوران اپنی ناجائز اکثریت کی بناء پر قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔ آرٹیکل 149 کے تحت وفاق صوبے کو حکم دے سکتا ہے، وفاق صرف حکم دے سکتا ہے جبکہ اس پر عمل اور کام صوبائی حکومت کو ہی کرنا ہوگا اس میں کہیں ایسا نہیں لکھا ہوا کہ وفاق کنٹرول سنبھالے گا۔ یہ سندھ کا نام لے کر اپنی ناکامیوں اور نااہلیوں سے سندھ کے عوام کا دھیان ہٹانا چاہ رہے ہیں۔ آج کراچی کچرا کنڈی بن چکا ہے صوبے میں پانی کی سہولت نہیں، لوگ بھوک و پیاس سے مر رہے ہیں۔ تعلیم، صحت اور تمام بنیادی سہولتیں ناپید ہو چکی ہیں، مراد علی شاہ نے پہلے سندھ بینک کو تباہ کیا اور اب پورے سندھ کو تباہ کر دیا ہے۔ میرپورخاص میں رشوت لیے بغیر ایک غریب کو ایمبولینس نہیں ملتی جس کی وجہ سے 3 جانیں چلی جاتی ہیں، گھوٹکی میں آگ لگی ہوئی ہے لیکن حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آتی، کراچی اگر صاف ہوتا تو علی زیدی اسے گندا کیسے کرتے؟ کراچی سندھ کے سر کا تاج اور پاکستان کا معاشی حب ہے، بلاول آج سندھو دیش کا نعرہ لگا رہا ہے آرٹیکل 149 لاگو ہوگا تو کام مراد علی شاہ نے کرنا ہوگا اور ان سے کام عمران خان کرائے گا۔ جی ڈی اے کے رکن حسنین مرزا نے کہاکہ سندھ کے عوام کی اس فلور پر رہنمائی کرنے پر جابروں نے آج ایک بار پھر سندھ کے عوام کی آواز کو دبوچنے کی کوشش کی ہے یہ لوگ سندھ کارڈ کھیلنا چاہتے ہیں۔ لوگ آرٹیکل 149 کو پڑھے بغیر ہی تجزیے کر رہے ہیں اگر وفاق ہمارے بھوکے پیٹ بچوں کی مدد کر رہا ہے تو اس میں کیا غلط بات ہے، بدین میں سیاسی انتقام کی وجہ سے پانی بند کر دیا گیا لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں