پیرا میڈیکل اسٹاف کا سندھ حکومت کیخلاف احتجاج دھرنا دے دیا
سندھ بھر کے مرد اور خواتین عملے نے ہاتھوں میں پلے کارڈ زاور بینرزاٹھا رکھے تھے
سرکاری اسپتالوں کے طبی عملے کے مطالبات منظور نہیں کئے گئے تو 20 جنوری کو لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سرکاری اسپتالوں کے طبی عملے نے مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کے پیرا میڈیکل اسٹا ف نے کراچی پریس کلب پر دھرنا دے دیا۔ سراپا احتجاج پیرا میڈیکل اسٹاف میں مرد اور خواتین عملہ شامل ہے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے مظاہرین نے سندھ حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی انکا کہنا تھا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کا سروس اسٹرکچر فوری طورپر بحال کیا جائے۔ ٹائم اسکیل ادا کیا جائے۔ ریکوری لیٹر فوری منسوخ کیاجائے‘ پیرا میڈیکل اسٹاف کو فوری طور پر30 فیصد ہیلتھ پروفیشنل الائونس دیا جائے‘ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سندھ کے ممبر غازی ابڑو نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کا پیرا میڈیکل اسٹاف جن کی کل تعداد72 ہزار مطالبات کیلئے سراپا احتجاج ہیں حکومت نے مطالبات منظور نہ کئے تو صوبے بھر کے اسپتالوں کا بائیکاٹ کریں گے‘ محکمہ صحت سندھ مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کرے اگر20 جنوری تک مطالبات منظور نہیں کئے گئے تو سخت لائحہ عمل تیار کریں گے۔