ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پی ایس ایل6: لاہور قلندرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوبارہ آغاز پر لاہور قلندرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے چھٹے سیزن کے دوبارہ آغاز پر لاہور قلندرز نے اسلام آباد کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز کولن منرو اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں جیمز فالکنر نے نیوزی لینڈ کے منرو کو چلتا کردیا۔

نوجوان روہیل نذیر کا وکٹ پر قیام بھی مختصر رہا اور وہ صرف رنز بنانے کے بعد فالکنر کا دوسرا شکار بن گئے جبکہ کپتان شاداب خان بھی آسٹریلین باؤلر کے ہتھے چڑھ گئے۔

اس موقع پر یونائیٹڈ کی تمام تر امیدیں عثمان خواجہ سے وابستہ تھیں لیکن وہ بھی صرف 18 رنز بنانے کے بعد حارث کو وکٹ دے بیٹھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک 11 اوور میں 4وکتوں کے نقصان پر 72 رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی فائنل الیون میں چار کے بجائے تین غیرملکی کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا ہے جن میں عثمان خواجہ، کولن منرو اور فواد احمد شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کے چار غیرملکی کھلاڑیوں میں بین ڈنک، راشد خان، ٹم ڈیوڈ اور جیمز فالکنر شامل ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، شاہین شاہ آفریدی، راشد خان، احمد دانیال اور حارث رؤف

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، کولن منرو، عثمان خواجہ، افتخار احمد،حسین طلعت، روہیل نذیر، آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، محمد وسیم اور فواد احمد

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اپریل میں پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ کے دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور میں میچز کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر لیگ کے کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا گیا لیکن پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا تھا اور آج سے لیگ کا دوبارہ ابوظبی میں آغاز ہو رہا ہے۔

منبع: ڈان نیوز

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں