پاکستان ریلوے نے تیز گام ایکسپریس میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار کا اضافہ کر دیا
کراچی : پاکستان ریلوے نے تیز گام ایکسپریس میں پریمیم لائنج ڈائننگ کار کا اضافہ کر دیا ، 20 مئی سے تیز گام کے مسافر نئی ڈائننگ کار کی سہولیات سے محظوظ ہو سکیں گے۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق نئی کار میں بیٹھنے کی جگہ کو مزید کشادہ کیا گیا ہے، ڈائننگ کار میں 40 سے زائد کھانے موجود ہوں گے ۔
سی ای او ریلوے عامر بلوچ کہنا تھا کہ کار کے مینیو میں سُوپ، برگر، پیزا، کڑاہی بھی شامل ، ڈائننگ کار میں ایک وقت میں 35 مسافر کھانا کھا سکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل بہاءالدین زکریا ایکسپریس میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار لگائی گئی تھی ، زکریا ایکسپریس میں کامیابی پر نئی ڈائننگ کار کا دائرہ کار بڑھایا گیا۔
حکام نے کہا کہ اگلے چند ہفتوں میں خیبر میل اور علامہ اقبال ایکسپریس میں بھی نئی ڈائننگ کار لگا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئی ڈائننگ کار کے اضافے سے مسافروں کا سفری تجربہ پہلے سے بہت بہتر ہو گا، ریلوے آمدن 70 ارب سے بھی زائد ہو چکی ، ٹارگٹ سے 7 ارب زیادہ کما لیے ہیں۔
عامر بلوچ نے کہا کہ ریکارڈ ریلوے آمدن کے ثمرات سہولیات میں بہتری کی صورت مسافروں تک پہنچائیں گے،
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، ملتان اور لاہور اسٹیشنز پر ایگزیکٹو واش رومز بھی بنا رہے ہیں، تینوں اسٹیشنز پر مسافر یکم جون سے ایگزیکٹو واش رومز استعمال کر سکیں گے، چھوٹے پلیٹ فارمز کو اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں۔