بنگلادیش: سانپوں کے ڈسنے کے کیسز میں اضافہ، اسپتالوں میں ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت
ڈھاکا:بنگلادیش میں سانپوں کے ڈسنے کے بڑھتے ہوئے واقعات نے انتظامیہ کو پریشان کردیا، وزیر صحت ڈاکٹر سمنتا لال سین نے متاثرہ افراد کو فوری طور پر اسپتال لانے جبکہ اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں سانپ کے زہر سے بچانے والی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کے دیہی علاقوں میں سانپوں کے ڈسنے کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، متاثرہ افراد سانپوں کی ایک نسل رسل وائپرکا شکار ہوئے جس کا شمار زہریلے ترین سانپوں میں ہوتا ہے۔
2023میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ بنگلادیش میں ہر سال 7ہزار کے قریب افراد سانپوں کے حملے کے باعث اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ سانپ چوہوں کو کھاتا ہے، اسی لیے یہ اکثر انسانی بستیوں کے قریب اور خاص طور پر فصل کی کٹائی کے موسم میں کھیتوں میں پایا جاتا ہے۔