میئرسکھرنے بارش کے انتظامات کو ناکا�ی قراردیدیا
سکھر (نمائندہ جسارت ) حالیہ بارش کے دوران انتظامات کو میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے ناکافی قرار دیتے ہوئے ڈسپوزل اسٹیشنز، جنریٹرز، نالوں کی ڈی سیلٹنگ، تجاوزات کے خاتمے سمیت تمام کام مکمل کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے لہذا تمام تکنیکی مسائل کا خاتمہ کرکے ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل طور پر فعال کردیئے جائیں، کسی قسم کے حیلے بہانے اب برداشت نہیں کئے جائیں گے، عملے کو ہائی الرٹ کردیا جائے، یہاں حالیہ بارش اور آنے والے دنوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل تیار کرنے کے حوالے سے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ میں ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، ایکسینز نعمان کلہوڑو، فواد بوبک ، اے ای اینز ہادی بخش بلو، ظہور دھاریجو، عبدالرزاق منگی، ایڈمن ایچ آر مشہود الحسن، محکمہ پبلک ہیلتھ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذمہ داران انجینئرز ، عملہ و کنٹریکٹرز موجود تہے۔ میئر سکھر نے ہدایت کی کہ اسطرح کا مکینزم ترتیب دیا جائے کہ بارش کے دوران کسی بھی وقت عملہ فرائض کی انجام دہی کیلئے موجود ہو، عوام کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، انہوں نے متعلقہ محکموں کو حفاظتی اقدامات اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے اپنی تمام تر مشینری اور دیگر موجود سہولیات کو بروئے کار لانے اور عوام کے ساتھ ہر قسم کی تعاون کو یقینی بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ واضح رہے کہ میئر سکھر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے میونسپل کمشنر محمد علی شیخ و ایکسین نعمان کلہوڑو کی سربراہی میں پیشگی انتظامات مکمل کرنے کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔