عالمی حالات

بشارالاسد کی خاتون مشیر کی موت حادثاتی نہیں تھی‘ المرصد

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کی تنظیم المرصد نے دعویٰ کیا ہے کہ بشارالاسد کی خاتون مشیر لونا شبل کی موت حادثاتی نہیں تھی۔المرصد کے سربراہ نے رامی عبد الرحمن نے انکشاف کیا کہ شامی صدر کی میڈیا مشیر لونا الشبل جو گزشتہ ہفتے ہلاک ہو گئی تھیں، ان کی موت کسی ٹریفک حادثے میں نہیں ہوئی جیسا کہ سرکاری طور پر اعلان کیا گیاتھا۔ رامی نے مزید بتایا کہ لونا کا بھائی ملہم جو شامی فوج میں بریگیڈیر جنرل ہے ، اس پر شام میں موجود ایرانی ملیشیا کے بارے میں معلومات افشا کرنے کا الزام ہے۔ اسی طرح لونا الشبل پر بھی الزام تھا کہ انہوں نے شامی اور ایرانی عسکری افسران کے درمیان ہونے والی خفیہ ملاقاتوں اور اجلاسوں کی معلومات افشا کیں۔ لونا الشبل کا بھائی ملہم الشبل اور شوہر عمار ساعاتی اس وقت شامی فوج کی حراست میں ہیں۔ المرصد کے سربراہ کے مطابق یہ تمام معلومات شام میں صدارتی محل میں موجود افسران کے ذریعے افشا ہوئیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ واقعتا کوئی ہے جو شام کی سرزمین پر موجود ایرانی فورسز کے ٹھکانوں کی تفصیلات اسرائیل کو فراہم کر رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب بانیاس شہر کی ساحلی پٹی پر ہونے والے دھماکے اسرائیلی فضائی حملے کا نتیجہ ہیں۔ حملے میں عرب الملک کے علاقے میں ایرانی ملیشیاؤں کے زیر انتظام فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔ المرصد کے سربراہ رامی عبد الرحمنکا کہنا تھا کہ شہر میں ہونے والے 2 بڑے دھماکوں کے بارے میں تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ آیا یہ دھماکے اسرائیلی حملے کا نتیجہ تھے یا نہیں۔ رامی کے مطابق بانیاس شہر میں تیل کی بندر گاہ ہے جہاں ایرانی بحری جہاز اور تیل بردار جہاز پہنچتے ہیں البتہ اسلحہ کے جہاز عام طور پر طرطوس اور لاذقیہ کی بندر گاہوں پر آتے ہیں۔ 2011 ء کے بعد سے اسرائیل نے شام میں سیکڑوں حملے کیے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button