پاکستان
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن
دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، کراچی کو پانی فراہم کرنے والی مرکزی لائن پھٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی رات واٹر بورڈ کارپوریشن کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث فیز تھری کے 3 پمپ بند ہو گئے، جبکہ پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ کی مرکزی پائپ لائن نمبر 5 دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر واٹر بورڈ کارپوریشن گھارو ڈویژن سول کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر اقبال پلیجو اور ایگزیکٹو انجینئر محمد علی پلیجو نے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائن کی مرمت کا کام ہنگامی بنیاد پر شروع کر دیا۔ بجلی کی بندش اور لائن پھٹنے کے باعث دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں کروڑوں گیلن کمی کا سامنا رہا۔