پڈعیدن: تیز گام ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی
پڈعیدن (نمائندہ جسارت) پڈعیدن کے قریب راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ٹرین کی بزنس کلاس کوچ نمبر 12545 کے وہیل لاک ہونے کے باعث وہیل لاک میں آگ بھڑک اُٹھی، آگ دیکھ کر پڈعیدن پھاٹک میں اور اسٹیشن ماسٹر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری ٹرین ڈرائیور کو آگاہ کیا، تیز رفتار ٹرین کو پڈعیدن اور کوٹ لالو ریلوے اسٹیشن کے درمیان فوری رکوایا گیا، واقعے کی اطلاع پر مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ پڈعیدن ریلوے اسٹیشن سے مکینیکل اسٹاپ کے انچارج غلام حسین راجپر کی ٹیم نے پہنچ کر فوری متاثرہ بوگی کو ٹرین سے الگ کر کے متاثرہ بوگی کے مسافروں کو متبادل بوگی میں منتقل کر دیا گیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس پڈعیدن کے ایس ایچ او عبدالعزیز دایو اورHC عبدالنبی ڈومکی نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ دوسری جانب ریلوے ٹریک بلاک ہونے کے باعث راولپنڈی سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا، متاثرہ ٹرین کو بیک پڈعیدن لایاگیا اور مرمتی کام کے بعد ایک گھنٹہ تاخیر کے بعد ٹرین کو کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا۔