پیٹرول بھرواکر پیسے نہ دینے کے بعد پولیس والے کی اوچھی حرکت
کیرالا: بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا میں ایک پولیس والے پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اُسے معطل بھی کردیا گیا ہے۔ اس پولیس والے نے ضلع کنور کے ایک پیٹرول پمپ سے اپنی کار میں پیٹرول بھروایا اور برائے نام رقم دے کر جانے کی کوشش کی۔
پیٹرول پمپ کے عملے نے جب اُس سے کہا کہ وہ پوری رقم ادا کرے تو وہ مشتعل ہوگیا اور مغلظات بکنے لگا۔ پیٹرول پمپ کے ایک اٹینڈنٹ نے اُسے سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ، شاید شراب کے نشے میں ہونے کے باعث، ہاتھا پائی پر اُتر آیا۔
پولیس اہلکار نے جب کار اسٹارٹ کی اور بھاگنے کا ارادہ کیا تو پیٹرول پمپ اٹینڈنٹ اُس کی کار کے بونٹ یعنی اگلے حصے پر چڑھ گیا۔ پولیس اہلکار اِسی حالت میں بھاگ نکلا۔ پیٹرول پمپ اٹینڈنٹ نے اپنے آپ کو گرنے سے بمشکل بچایا۔ پولیس اہلکار نے کار ایک میل تک دوڑائی اور پھر ٹریفک جام کے باعث اُسے رکنا پڑا۔
پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اہلکار کے سنتوش کمار کو معطل کرتے ہوئے اُس کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔