مہنگی بجلی ٗ آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدے: جماعت اسلامی کا گورنر ہاؤس پر دھرنا 3 اگست کو ہوگا
کراچی:جماعت اسلامی نے کراچی میں لوڈشیڈنگ،مہنگی بجلی ٗ آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس پر دھرنے کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا،دھرنا ہفتہ 3اگست سے شروع ہوگا۔
ادارہ نورحق میں کراچی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جمعہ 2اگست کو شہر بھر کی مساجد میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی، اسرائیل و امریکہ کی مذمت اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
منعم ظفر خان نے کہاکہ گورنر ہاوس پر دھرنا راولپنڈی دھرنے کا تسلسل اور اس سے اظہار یکجہتی کے لیے دیا جارہا ہے، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسز،ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس واپس لیے جائیں، جاگیرداروں اور طبقہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے فارنزک آڈٹ کیا جائے۔ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور سستی بجلی فراہم کی جائے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کے الیکٹرک کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید5.45روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔ کے الیکٹرک کو بنیادی ٹیرف میں اضافے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر مسلسل نوازا جارہا ہے،نیپرا،حکومت اور کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے۔