اسرائیل کو لبنان کی سرحد کے ساتھ حملوں کے ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے مدد کی پیشکش
نیو یارک : امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کو لبنان کی سرحد کے ساتھ حملوں کے ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے مدد کی پیشکش کی ہے۔
یہ پیشکش اس وقت کی گئی جب اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف مخصوص زمینی کارروائیاں شروع کیں ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر بات کرتے ہوئے لائیڈ آسٹن نے ایران کو بھی متنبہ کیا کہ اگر اس نے اسرائیل پر براہ راست حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
اس سے قبل غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی فوج لبنان میں داخل ہوچکی ہے اور زمینی افواج کو فضائیہ کی مدد حاصل ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے حزب اللہ کے خلاف جنوبی لبنان میں “محدود، مقامی اور مخصوص چھاپہ مار کارروائیاں” شروع کر دی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اسرائیلی فضائیہ اور آئی ڈی ایف کی توپ خانہ زمینی افواج کی درست حملوں کے ذریعے مدد کر رہے ہیں اور یہ زمینی کارروائی حزب اللہ کے سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنانے کے لیے ہے۔
صہیونی فوج نے لبنان کے سرحدی علاقوں کے دیہاتوں کو فوجی چھاؤنیوں میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لبنانی فوج سرحدی علاقوں سے 5 کلومیٹر پیچھے ہٹ چکی ہے، جبکہ حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اسرائیل کی زمینی کارروائی کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب، بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں ۔ اسرائیلی فوج نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان عمارتوں کے قریب سے نکل جائیں جن میں حزب اللہ کی تنصیبات موجود ہیں۔