نیپال میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 224ہوگئی

کٹھ منڈو (انٹرنیشنل ڈیسک) نیپال میں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے ہلاکتیں 224 ہو گئیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق نیپال میں مون سون کی طوفانی بارش کے بعد پانی ریلوں نے تباہی مچا دی ۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی وسیع تباہی کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دارالحکومت کٹھ منڈو میں بعض مقامات پر 300 ملی میٹرز سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ مشرقی اور وسطی نیپال کا بڑا حصہ سیلاب کے باعث زیر آب آ چکا ہے۔ کٹھ منڈو میں ٹریفک اور معمول کی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں 3 دن کے لیے اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ ہوائی اڈوں کا نظام درہم برہم ہے۔ دوسری طرف امدادی سرگرمیاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ 4 ہزار افراد کو ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کی مدد سے ریسکیو کیا گیا، تاہم درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں، صورت حال کو دیکھ کر حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران 158افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے،جہاں ان کی حالت تشویش ناک ہے۔ سیلاب سے 16ہائیڈروپاور الیکٹر پلانٹ متاثر ہوئے ہیں،جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔