بدین ، ڈرینج کے پانی میں ڈوبی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار

بدین (نمائندہ جسارت)گزشتہ دس سال سے ڈرینج کے پانی کی زد میں آنے کے باعث روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار شاہ نواز چوک تا ڈی سی چوک روڈ کی تعمیر اور مرمت کا کام مکمل ہوتے ہی غیر ذمے دار شہری کی جانب سے گندے نالہ اور روڈ میں کٹ لگا کر ڈرینج کا پانی روڈ پر نکاس کر دیا ۔حکومتی اور متعلقہ اداروں کی عدم توجہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر کا اہم اور مصروف ترین روڈ شاہ چوک اور ڈی سی چوک کے درمیان واقع روڈ گزشتہ دس سال سے ڈرینج کے پانی کی زد میں آنے کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار بن چکا تھا ، روڈ کے دونوں اطراف ناقص اور ناکارہ گندے نالوں کا پانی ہمیشہ روڈ پر کھڑا اور جمع رہنے کے باعث روڈ مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا اور روڈ پر بڑے بڑے کھڈے بن جانے کے باعث اکثر ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن گیا تھا جس کے باعث شہریوں کے علاوہ کالج اور یونیورسٹی جانے والے طلبہ اور طالبات سرکاری اور نجی اسپتالوں کے لئے جانے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا ، روڈ کی تباہ حال اور ابتر صورتحال سے شہریوں کو درپیش مشکلات اور پریشانی پر موجود چیئرمین میونسپل کمیٹی بدین پیر محمد صالح قریشی نے نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی بدین کی گزشتہ 6 ماہ کی بچت فنڈ کو مذکورہ روڈ کی تعمیر اور مرمت کے لئے ترجیح دیتے ہوئے روڈ کی تعمیر کا کام شروع کرایا ، شاہ نواز چوک تا ڈی سی چوک کے درمیان واقع تباہ حال روڈ کی تعمیر اور مرمت کا کام مکمل ہونے کے آخری مرحلے میں ہی ہے کہ غیر ذمہ دار شہریوں کی جانب سے روڈ کے اطراف کے گندے نالہ اور روڈ میں کٹ لگا کر ڈرینج کا پانی روڈ پر نکاس کر دیا ، شہری کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے روڈ ایک بار پھر گندے پانی کی زد میں آنے سے نہ صرف ٹریفک کی روانگی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں خواتین کے علاوہ ماروی گرلز کالج ، اسلامیہ بوائز کالج اور لاڑ یونیورسٹی میں جانے والے طلبہ اور طالبات کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بدین کے سیاسی سماجی علمی ادبی کاروباری حلقوں شہریوں طلبہ اور طالبات نے چیئرمین میونسپل کمیٹی بدین پیر محمد صالح قریشی ، ڈی سی بدین یاسر بھٹی ، ایس ایس پی بدین شیراز نظیر کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گندے نالے اور روڈ پر غیر قانونی کٹ لگا کر ڈرینج کا پانی روڈ پر نکاس کرنے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ اس کے علاوہ روڈ کے دونوں اطراف بیچ روڈ پر مچھلی کی منڈی لگائے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تجاوزات پتھاروں دکانوں کے باہر رکھا سامان ہٹانے کے خلاف کاروائی اور آپریشن کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔