وعدے پورے کررہے ہیں، بجلی جیسے مزید پیکیجز دینا چاہتے ہیں، وزیر توانائی
اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ہم عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کررہے ہیں، حکومت عوام کو بجلی جیسے مزید پیکیجز بھی دینا چاہتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز بجلی صارفین کی سہولت کے لیے ونٹر پیکیج جیسی سہولت کا اعلان کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس طرح کے مزید پیکیجز دیے جائیں اور ہر کچھ ماہ کے بعد ایسے پیکیجز سامنے آئیں، تاکہ لوگ سردیوں میں گیس کے بجائے بجلی کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو حکومت ریلیف دے رہی ہے۔ یہ حکومت کے عوام کے ساتھ وعدے پورے کرنے کا ثبوت ہے۔ونٹر پیکیج جیسی بجلی کے بلز میں دی جانے والی سہولت سے گھریلو کے ساتھ ساتھ صنعتی اور کمرشل صارفین کو بھی فائدہ ہوگا۔
اویس لغاری کا پریس کانفرنس میں مزید کہنا تھا کہ عوام کے لیے بجلی کی قیمت مزید کم کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں صنعتوں کو فائدہ ہوگا اور پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ حکومت اس حوالے سے اصلاحاتی پالیسی پر کام کررہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے سسٹم میں بھی بہتری لا رہے ہیں۔ این ٹی ڈی سی ماضی میں بدانتظامی کا شکار رہا ہے۔ جو منصوبے 2016ء میں مکمل ہونے تھے اب وہ 2026ء میں تکمیل پائیں گے جب کہ ہمارا سسٹم منصوبوں میں تاخیر ہونے کا متحمل نہیں ہے۔