گولی کا جواب گولی سے دینا آتا ہے، وفاق میں ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھائے: علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمیں گولی کا جواب گولی سے دینا آتا ہے، اب ہم آئے تو پوری تیاری سے آئیں گے پھر دیکھتے ہیں کون بھاگا اور کس نے بھگایا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم ایک بار پھر اسلام آباد آ رہے ہیں اور اس حوالے سے فیصلہ ہو گیا ہے، ہمیں عمران خان کی رہائی چاہیے اور جلد سے جلد چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج لگانا ہے تو لگا دو، وفاق میں ہمت ہے تو لگا کر دکھائے، اس کے بعد تم ہمارے صوبے میں رہ نہیں سکو گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم اپنے حق کے لیے پرامن طریقے سے جدوجہد کرتے رہیں گے، حق کے لیے لڑیں گے اور اگر حق نہ ملا تو جس طرح ہمارے بچوں کو شہید کیا گیا ہے حق کے لیے ماریں گے،کرسی نہیں عزت اور خودداری چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کی طرح ریڈزون میں داخل ہونے کا ڈرامہ رچایا جارہا ،اسلحہ ہمارے پاس بھی ہے، بارود ہمارے پاس بھی ہے، پیسہ ہمارے پاس بھی ہے، پاکستان میں آئین کی پاسداری کا مقصد حاصل کر کے ہی دم لیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اسلام آباد احتجاج کے دوران بشریٰ بی بی اور مجھ پر ایک نہیں تین بار قاتلانہ حملے ہوئے، سیدھی گولیاں ماری گئیں، اسلام آباد کے چوکوں پرمجھ پر فائر کیے گئے۔