عالمی حالات

غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی اسرائیلی حملے ایک بار پھر شروع

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان پر بھی دوبارہ حملے شروع کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں خطے میں تناؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں پر تقریباً 15 حملے کیے ہیں، جن میں 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان پر حملوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا ہے اور آئندہ گھنٹوں میں مزید حملے کیے جا سکتے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق آج صبح لبنان سے اسرائیل پر 3 راکٹ فائر کیے گئے تھے، جنہیں اسرائیلی فوج نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی حملوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پر راکٹ حملے میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ حزب اللہ نے زور دے کر کہا کہ وہ لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی مکمل پابندی کر رہے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل راکٹ حملے کا بہانہ بنا کر لبنان پر دوبارہ جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں48 گھنٹوں میں مزید130 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں اور 5روز کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 630 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسرائیلی حملوں کے باعث ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، جو ایک بار پھر دربدری کا شکار ہیں۔

اقوام متحدہ کی انسانی امور سے متعلق ایجنسی نے غزہ میں بدترین انسانی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایجنسی نے فوری امداد کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں رہنے والے لاکھوں افراد کو خوراک، پانی اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

اسرائیل کے حالیہ اقدامات سے خطے میں تناؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ لبنان اور غزہ دونوں جگہوں پر اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی جانیں جا رہی ہیں، جس پر عالمی برادری کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button