وزیراعلیٰ پنجاب کی ترقیاتی منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ، شفافیت ،گرین بیلٹس اور فائر سیفٹی یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ، شہری سہولیات اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین بیلٹس کا تحفظ اور بیوٹیفکیشن پلان ہر منصوبے کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔
لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں عوامی سہولت کے لیے اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں، اس لیے ان کی بروقت تکمیل اور شفاف نگرانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی منصوبے کی تکمیل کے بعد کسی محکمے کو سڑک کھودنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مریم نواز نے شہری انفراسٹرکچر سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہروں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، فٹ پاتھوں کی بروقت تعمیر اور مین ہولز کے یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کے مین ہولز چوری سے محفوظ ہوتے ہیں اور ان کی سطح سڑک کے برابر ہونی چاہیے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے اطراف جوگنگ ٹریکس اور اوپن ایئر جم قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے عمارتوں میں فائر سیفٹی سسٹمز کی مکمل جانچ، اوپن ایئر وائرنگ کے خاتمے اور شارٹ سرکٹ سے بچاؤ کے اقدامات پر زور دیا، جبکہ شہریوں کے لیے واکنگ ٹریکس کی تعمیر کو بھی ضروری قرار دیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش، اوور ہیڈ برجز اور انڈر پاسز کی سجاوٹ، اور ان کے نیچے صفائی، گرین بیلٹس اور پلے ایریاز بنانے کی ہدایات دیں۔ اس کے ساتھ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تمام منصوبوں کی جیو ٹیگنگ کا حکم بھی دیا گیا۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کے ہائی ویز پر مسافروں کی سہولت کے لیے واش رومز کے قیام کا جامع پلان طلب کیا گیا ہے، جبکہ ہر سیوریج اور ڈرینج منصوبے میں کھدائی کے بعد سڑکوں کی مکمل بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے ہر ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم اور مینجمنٹ سیل قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ (پی ڈی پی) فیز ون میں شفاف اقدامات کے باعث 28 کروڑ روپے کی بچت ہوئی، جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کا پہلا مرحلہ مکمل اور دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت سات شہروں میں 23 ارب 40 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات اور جھنگ میں سیوریج، ڈسپوزل، ڈرینج اور واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ جہلم، حافظ آباد اور اوکاڑہ میں ٹرنک سیوریج، نئے ڈسپوزل پوائنٹس اور بارشی پانی کے نکاس کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ فیز ٹو کے تحت آٹھ شہروں میں سیوریج، ڈرینج، واٹر ٹینکس اور دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن کے لیے 526 مشینری یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔