رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن آج ہو گا
رواں برس کا پہلا مکمل چاند گرہن آج منگل کو ہوگا، جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں دیکھا جا سکے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ فلکیاتی منظر انتہائی دلکش ہوگا، اس دوران چاند سرخی مائل رنگ اختیار کر لے گا جسے عموماً ’’بلڈ مون‘‘ کہا جاتا ہے۔
پاکستان میں چاند گرہن کا آغاز دن ایک بج کر چوالیس منٹ پر ہوگا، جبکہ دو بج کر پچاس منٹ پر باقاعدہ گرہن لگنا شروع ہوگا۔
شام چار بج کر پانچ منٹ پر مکمل گرہن شروع ہوگا اور چار بج کر چونتیس منٹ پر اپنے عروج پر پہنچ جائے گا، جب چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں آ جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پانچ بج کر تین منٹ پر مکمل گرہن ختم ہونا شروع ہوگا، جبکہ جزوی مرحلہ چھ بج کر سترہ منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔ رات سات بج کر تئیس منٹ پر چاند گرہن مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں چاند طلوع ہوتے وقت گرہن جزوی طور پر دکھائی دے گا، جس سے شہری ایک منفرد فلکیاتی منظر کا مشاہدہ کر سکیں گے۔
یہ چاند گرہن ایشیا، آسٹریلیا، شمالی و جنوبی امریکا سمیت دنیا کے کئی دیگر علاقوں میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق چاند گرہن دیکھنے کے لیے کسی خاص عینک کی ضرورت نہیں ہوتی اور اسے محفوظ انداز میں براہِ راست دیکھا جا سکتا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کھلے مقام پر جا کر اس خوبصورت قدرتی منظر سے لطف اٹھائیں۔