عالمی حالات

ایران نے مشرق وسطیٰ میں 6 امریکی فوجی اڈوں پر میزائل داغ دیے، ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون حملہ

ایران نے متعدد امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی شہروں کو نشانہ بناتے ہوئے وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، ایران نے مشرق وسطی میں امریکا کے6 فوجی اڈوں پرمیزائلوں سے حملہ کردیا، تہران کی مسلح افواج نے بحرین، عراق، متحدہ عرب امارات اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا، جس کے نتیجے میں خطے میں عسکری کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے ریاض میں قائم امریکی سفارتخانے پر دو ڈرون حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں معمولی آگ لگی اور عمارت کو محدود نقصان پہنچا، تاہم سعودی حکام نے تصدیق کی کہ انسانی جانوں کا نقصان نہیں ہوا اور  حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں، امریکی حکام نے اپنے سفارتخانے کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران نے خلیجی ممالک میں وسیع پیمانے پر عسکری کارروائیاں کی ہیں، جن میں مجموعی طور پر 450 میزائل اور ایک ہزار 140 ڈرون استعمال کیے گئے۔ ان حملوں کا ہدف خاص طور پر امریکی تنصیبات اور اہم فوجی اڈے قرار دیے گئے ہیں، جس سے خطے میں غیر معمولی کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ایران کی عسکری تنظیم اسلامک پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم  بن یامین نیتن یاہو کے دفتر پر کیے گئے مبینہ حملے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایران نے اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائل حملے جاری رکھے ہیں، اسرائیلی فوج کی جانب سے مغربی یروشلم، تل ابیب اور ایلات کے فضائی حدود میں متعدد میزائلوں کو بروقت ہدف سے روک لیا گیا ہے، تاہم ہفتے کے آغاز سے اب تک ملک میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button