پاکستان

کمرشل پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں: پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی

اسلام آباد:پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے ملک کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے جزوی طور پر بند کیے جانے کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام کمرشل فلائٹس معمول کے مطابق جاری ہیں اور فضائی ٹریفک سروسز میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئی۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم (نوٹس ٹو ایئر مین) میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ پر پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بند کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، یہ تاثر درست نہیں،یہ صرف ایک معمول کی آپریشنل اطلاع ہے جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

نوٹم کے مطابق اطلاع میں صرف کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے اندر مخصوص ایئر ٹریفک سروسز روٹ سیگمنٹس کی عارضی عدم دستیابی کا ذکر ہے۔ یہ بندش تین مارچ سے اکتیس مارچ تک روزانہ مخصوص اوقات میں گراؤنڈ سے لامحدود اونچائی تک نافذ رہے گی جو خالصتاً آپریشنل وجوہات کی بنا پر ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر دستیاب، محفوظ اور تمام سول ایوی ایشن آپریشنز بشمول کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہے۔ متاثرہ روٹس کے لیے متبادل فضائی راستے معمول کے مطابق استعمال کیے جا رہے ہیں اور پروازوں کے شیڈول پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دنیا بھر میں حفاظتی یا تکنیکی بنیادوں پر مخصوص فضائی راستوں کی عارضی بندش ایک معمول کی کارروائی ہوتی ہے، جس کا مقصد فضائی ٹریفک کو محفوظ اور منظم بنانا ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نوٹم ایک تکنیکی دستاویز ہوتی ہے جو ایئر لائنز اور پائلٹس کو پیشگی معلومات فراہم کرنے کے لیے جاری کی جاتی ہے، اسے عمومی فضائی بندش تصور کرنا درست نہیں۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے عوام اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور درست معلومات کے لیے مستند ذرائع سے رجوع کریں، ملک بھر کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button