امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایران کے خلاف بات کرنے والے عناصر امریکا اور اسرائیل کے ایجنٹ کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو ہر ہفتے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ جماعت اسلامی ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایران میں جنگ کی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر حکمرانوں نے پیٹرول مہنگا کر دیا ہے۔ حکومت خود کہتی ہے کہ ملک میں 28 دن کا پیٹرول اسٹاک موجود ہے، اس کے باوجود قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کو 2200 روپے ریلیف دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت قدم ہے۔ پنجاب میں بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے اسی طرح کے اقدامات کیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے تجویز دی کہ پنجاب حکومت مہنگا سرکاری طیارہ فروخت کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے جبکہ سرکاری سطح پر اخراجات کم کیے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ 1300 سی سی سے بڑی سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔ اسی طرح سرکاری افسران کو مفت پیٹرول کی سہولت بھی ختم کی جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کا کوئی بھی ٹاؤن ناظم 1300 سی سی سے بڑی سرکاری گاڑی استعمال نہیں کرے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عید کے قریب عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور اس صورتحال میں پیٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف احتجاج کرے گی۔ ہم ملک میں انتشار اور بدامنی پیدا نہیں کرنا چاہتے، اس لیے حکومت فوری طور پر اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا، بھارت اور اسرائیل کے اتحاد نے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ایران کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی معاملات میں اپنی واضح اور خودمختار پالیسی اختیار کرنی چاہیے اور حکومت کو عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا ایران پر امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملہ درحقیقت کھلی دہشت گردی ہے، خود امریکا میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں۔ وہاں ہارس ٹریڈنگ کو لابنگ کہتے ہیں۔ امریکا بھر کے عوام ٹرمپ کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کے خلاف کاروائیوں میں آئل ریفائنریز اور شہریوں پر بم برسائے جا رہے ہیں۔ غاصب قوتیں سمجھتی ہیں کہ ایران بھی وینزویلا کی طرح تر نوالہ ثابت ہوگا، انہوں نے پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ ہے اور جو عناصر بھی ایران کے خلاف بات کررہے ہیں، وہ دراصل امریکی و اسرائیلی ایجنٹ کا کردار ادا کررہے ہیں۔ اس حوالے سے ہمارا مؤقف بالکل شفاف ہونا چاہیے۔