ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پٹرول 55 ، ڈیزل 100 روپے لٹر سستا ہونے کا امکان

اسلام آباد: امریکا ایران جنگ بندی کے بعد عالمی مارکیٹ میں قیمتیں گرنے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول 55 روپے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے، اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 95 سے 100 روپے کمی متوقع ہے ۔

 پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا آج قوم سے خطاب بھی متوقع ہے جس میں شہباز شریف خطے کی تازہ صورتحال اور پاکستان کے موقف اور قیام امن کےلیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کریں گے۔

 پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور کھپت سے متعلق حکومتی حکمت عملی بیان کیے جانے کا بھی امکان ہے، توانائی بحران اور ایندھن کے استعمال میں بچت سے متعلق اقدامات پر بھی بات متوقع ہے۔

 وزیراعظم عوام سے مشکل حالات میں قومی یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کریں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی سفارتکاری کے دنیا بھر میں مثبت اثرات سامنے آئے ہیں، امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں سیز فائر ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 19 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

 برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں 17 ڈالر 31 سینٹ فی بیرل کمی ہوگئی، برطانوی خام کی قیمت 112 ڈالر سے کم ہوکر 94 ڈالر 69 سینٹ پر آچکی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 19 ڈالر 25 سینٹ کی کمی دیکھی گئی، ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 115 ڈالر سے کم ہوکر 96 ڈالر 73 سینٹ ہوگئی۔

معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام کو منتقل کرنے کا اعلان کیا۔

  • ویب ڈیسک
  • Faiz alam babar

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں