وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کٹھ پتلی ہیں، بلاول انہیں آزاد کریں
بلاول کوبینظیر بھٹو کی یاد صرف ان کی برسی پر ستاتی ہے
ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے ووٹر کو تنہا چھوڑ کر جارہے ہیں
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی میں جمہوریت آئی تو فاطمہ بھٹو لیڈر بنیں گی۔ انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کٹھ پتلی ہیں، بلاول بھٹو زرداری انہیں آزاد کریں، ان کی جمہوریت کا مطلب اقتدار ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صحیح کہتے ہیں کہ پاکستان میں وہ جمہوریت نہیں جہاں پارٹی رہنماؤں کے اکاؤنٹ سے کھربوں روپے برآمد ہوں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لے کر آئیں، دنیا نے دیکھا کہ مک مکے کی سیاست نے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، جب ان کا خاندان اقتدار میں ہوتا ہے تو انہیں جمہوریت یاد آتی ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا ہے کہ پرچی کے ذریعے سیاست میں اترنے والے وزیراعظم کو سلیکٹڈ کا طعنہ دے رہے ہیں،جمہوریت سے بلاول کی مراد بدعنوانی کے لائسنس بانٹنا ہیں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے ووٹر کو تنہا چھوڑ کر جارہے ہیں ، ووٹرز باشعور ہیں، دو بیانیوں میں پھنسی نون لیگ پھڑ پھڑا رہی ہے،بھارت اندورنی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے ، عوام اور حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم ایک ایسے شخص کی آواز سن رہے ہیں جسے بینظیر بھٹو کی یاد صرف ان کی برسی پر ستاتی ہے، وزیراعظم کو پرچی کے ذریعے سیاست میں اترنے والے سلیکٹڈ کا طعنہ دے رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کا جمہوریت پر بات کرنا مذاق کے مترادف ہے، وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں وہ جمہوریت نہیں جس کے لئے قربانیاں دی گئیں کیونکہ ملک میں اس وقت واقعی گٹھ جوڑ اور مک مکا والی جمہوریت نہیں ہے، جمہوریت سے بلاول کی مراد بدعنوانی کے لائسنس بانٹنا ہیں۔

