وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی برادری سے کارروائی کا مطالبہ کردیا.
وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خودارادیت کی ضمانت دی، بھارتی غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کیساتھ ہیں، ہم اس دن کو ادھورے عہد کی یاددہانی کے طور پر مناتے ہیں.
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں سے کیے گئے عہد کا نبھایا جانا ابھی باقی ہے، اہل کشمیر نسل در نسل 73 برس سے بھارتی تسلط کا جبر سہہ رہے ہیں، اہل کشمیر حق خودارادیت کے حصول کے مطالبے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں.
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بے دہڑک پامالیوں کے خلاف اور اہلِ کشمیر کو انکے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کیلئے کارروائی کریں۔
یاد رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر ہرسال 5 فروری کو منایا جاتا ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا اور غیر قانونی لاک ڈائون کے نفاذ باعث اس دن کی اہمیت کافی اضافہ ہوگیا ہے.

