میرپورخاص(نمائندہ جسارت) سندھ کے کالے بلدیاتی قانون کو نہیں مانتے، لوکل گورنمنٹ اور منتخب بلدیاتی نمائندے جمہوریت کی نرسری کی مانند ہیں، پیپلزپارٹی کو جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے، صوبے کے شہر اور دیہات کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں پیپلزپارٹی کے دور حکمرانی میں میرپورخاص جیسے ماضی کے خوبصورت ترین شہر کو ملک کا آلودہ ترین شہر ہونے کا اعزاز ملنا شرمناک ہے ۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نورالہی مغل نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر سندھ میں بلدیاتی لوکل گورنمنٹ کے نام سے نافذ کالے قانون اور اس کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے جاری دھرنے کے شرکا سے اظہار یکجہتی کے لیے مارکیٹ چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مظاہرے سے مفتی امام الدین لغاری، محمد رفیق چوہان، محمد عاصم شیخ، ڈاکٹر دانش انڑ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کراچی اور شہر کے عوام کو اپنے حقوق کیلیے جاری کئی دنوں کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،کراچی سمیت پورا سندھ مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے آبادی کی اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، تعفن ہے جماعت اسلامی ایوانوں سمیت ہر فورم پر قانونی اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی پاکستان کے عوام جاگ گئے ہیں اب انہیں دھونس دھاندلی اور جھوٹے وعدوں سے مزید ٹرخایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی میدان میں ڈٹی اور کھڑی ہے اور ان شاء اللہ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنا کر دم لیں گے۔
