English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شہباز گل سے منشیات برآمد کرسکتے تھے، مگر عمران خان کی طرح غیر قانونی حرکت نہیں کرینگے، رانا ثنا اللہ

القمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے تو شہباز گل کی گاڑی سے 15 کلو منشیات بھی برآمد ہو سکتی تھی، لسبیلہ حادثے کے بعد عمران خان کی زیر صدارت پروپیگنڈے کے لیے اجلاس ہوا، جس کے بیانیے کو شہباز گل کی مدد سے آگے بڑھایا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہناتھا کہ شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے مجسٹریٹ کی مدعیت میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہتے تو شہباز گل کی گاڑی سے 15 کلو منشیات بھی برآمد ہو سکتی تھی،لیکن عمران خان کی طرح ہم کوئی غیر قانونی حرکت نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سربراہی میں سانحہ لسبیلہ پر منفی پروپیگنڈا کے لیے اجلاس ہوا،نجی ٹی وی چینل کا سازشی کردار بھی سامنے آیا ہے،لسبیلہ میں شہدا ہیلی کاپٹر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی منفی پروپیگنڈا کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پر فواد چودھری ، شہباز گل اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ نے سازشی کردار ادا کیا۔ ایک ادارے کے تمام رینکس میں بغاوت کو اکسانے کے لیے نا پاک جسارت کی گئی،اس ساری سازش کی تحقیقات اور سازشی کرداروں کا تعین کیا جارہا ہے،پاک افواج کی خدمات اور شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے۔

شیخ  رشید کے بیان پر ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید چلا ہوا کارتوس ہے، عمران خان نے انہیں اس اجلاس میں بلایا ہی نہیں،تحقیقات جاری ہیں جو بھی کردار سامنے آئیں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں نے محرم الحرام کے دوران بہترین فرائض انجام دیے،نویں دسویں محرم کے دوران پورے ملک میں ابھی تک کہیں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے