لاہور: وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی آئی اے مسائلستان بن چکا ہے اس کو فروخت کرنے کی کسی کو آفر نہیں کی، جھوٹی خبریں پھیلانے والے باز آجائیں،سیاسی مداخلت کے بغیر پی آئی اے کو دو سے تین سال میں پاﺅں پر کھڑا کرسکتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ رواں سال پی آئی اے کا ریونیو ہدف 165ارب ہے،اس سال اب تک پی آئی اے نے پچاس ارب روپے کمائے ہیں، افراتفری اور دھینگا مشتی کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں اس سے تباہی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے وبرائے ہواباز نے کہا کہ پی آئی اے کسی کو آفر کی گئی نہ فروخت کی جارہی ہے، اور نیویارک ہوٹل بھی کسی کو فروخت نہیں کیا جارہا، کراچی اور اسلام آباد ایئر پورٹ کو بہترین اور ماڈل ایئرپورٹ بنائیں گے لیکن ملکیت حکومت کی ہوگی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کسی کی خواہش پر الیکشن نہیں کروائے جاسکتے اگر ان کی مرضی کا نتیجہ نہ آیا تو پھر شور کریں گے، آپ اسمبلی آئے اور چلے گئے، مقدمہ بازی اور گھسیٹنے سے کچھ نہیں ہوگا، پاکستان میں اس وقت جو سیاست ہو رہی ہے وہ ملکی مفاد میں نہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ منفی باتیں ترک کر کے مثبت بات کرنی چاہئیے،یہ وقت لڑنے یا سیلاب زدگان کی مدد کا تھا، چڑھائی کی باتوں سے کچھ نہیں نکلے گا،اس سے حکومت کی توجہ اصل مسائل سے ہٹ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں لانگ مارچ کرنا آتا ہے لیکن سمجھ آ گئی کہ لانگ مارچ سے نقصان ہوگا، گزارش کروں گا کہ تمام اسٹیک ہولڈر صبر کا دامن تھا میں، ملک کو کہاں لے جارہے ہیں ،سیلاب سے لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔
