اقوام متحدہ لیبیا تعاون مشن UNSMILکے سربراہ ‘عبداللہ باتیلی’ نے، لیبیا میں مکمل فائر بندی کے نفاذ کے لئے، بین الاقوامی برادری سے 5+5 مشترکہ فوجی کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
باتیلی نے 5+5 مشترکہ فوجی کمیٹی کے اجلاس میں اور بعد ازاں پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ 2020 میں فوجی فریقین کے درمیان طے پانے والی فائر بندی کے مکمل نفاذ کے لئے بین الاقوامی برادری اور لیبیا حکومت کو 5+5 مشترکہ فوجی کمیٹی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم کمیٹی اراکین میں، لیبیا میں امن و استحکام کی خاطر کوششوں کے، عزم اور ثابت قدمی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ہم نے ہمسایہ ممالک اور کرائے کے فوجیوں کے مسائل پر بات چیت کی اور اس موضوع پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبداللہ باتیلی نے کہا ہے کہ ہم نے فائر بندی کے موضوع پر بین الاقوامی اور مقامی مبصرین کے ساتھ بات چیت کی اور سیرت میں کاروائیوں کی تکمیل کے امکان پر غور کیا ہے۔ ہم سیاست دانوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے فوج کے اقدامات سے وابستہ رہیں گے۔ سیاست دانوں کے ثابت قدم رہنے کی صورت میں لیبیا بحران ختم ہو جائے گا”۔
واضح رہے کہ 5+5 مشترکہ فوجی کمیٹی، اقوام متحدہ کی زیرِ قیادت ملکی فوج اور ملک کی مشرقی مسلح فورسز کے لیڈر خلیفہ حفتر سے منسلک وفود پر مشتمل ہے۔
لیبیا کے شہر سیرت میں 7 ماہ کے وقفے سے پہلی دفعہ 15 جنوری کو 5+5 مشترکہ فوجی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں، 2020 میں سوٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں لیبیا کے فریقین کے مابین طے پانے والے، فائر بندی سمجھوتے کی شقّوں پر بات چیت کی گئی اور بین الاقوامی و مقامی مبصرین کی سمجھوتے سے متعلقہ کاروائیوں پر نظر ثانی کی گئی۔
مشترکہ فوجی کمیٹی کا آخری اجلاس 15 جون 2022 کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہوا تھا۔
