لاہور(اسپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ سیزن 10کیلیے پی سی بی کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں اور نامور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے سائن اپ کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق پی ایس ایل سیزن 10 کیلئے جنوبی افریقا کے راسی وین ڈیر ڈوسن نے بھی رجسٹریشن کروا لی ہے، جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نہایت شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ دریں اثنا پی ایس ایل ڈرافٹ کے غیرملکی کرکٹرز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی۔ پی ایس ایل 10سے قبل پلیئرز ڈرافٹ کا انعقاد 11جنوری کو گوادر میں ہوگا، پی سی بی نے غیرملکی کرکٹرز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی ہے، جس میں ردوبدل بھی ممکن ہے، حکام کو آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ اور کیوی کرکٹر کین ولیمسن سے شرکت کی تصدیق کا انتظار ہے البتہ ان کے نام فہرست میں شامل ہیں۔اسی طرح کرس ووکس اور جونی بیئراسٹو کی شمولیت انگلش بورڈ کے این او سی سے مشروط ہوگی۔ بھارت کے سوا دیگر تمام ٹیسٹ ممالک کے کرکٹرز ڈرافٹ میں شریک ہیں، اسٹار کرکٹرز کو لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ دیا جائے گا۔ ابتدائی فہرست کے مطابق پلاٹینم کیٹیگری میں ڈیوڈ وارنر، شان ایبٹ، اسٹیون اسمتھ، مستفیض الرحمان، ڈیرل مچل، کین ولیمسن، کرس ووکس، جیسن روئے، جونی بیئراسٹو، ٹام کرن، ٹام کوہلرکیڈمور شامل ہیں، شکیب الحسن، کوشل مینڈس اور ڈیوڈ ویلی ڈائمنڈ میں موجود ہیں، عثمان خواجہ اور لیوری ایوانز گولڈ میں آ گئے۔

