بیجنگ ؍ پیرس ؍ ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے دیگر ممالک میں متاثرین کی تعداد بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق فرانس میں موجود 5 برطانوی شہریوں میں مہلک وبا سکی تشخیص ہوئی ہے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ فرانسیسی وزیر صحت کے مطابق یہ برطانوی شہری مشرقی فرانس کے ایک تفریحی مقام پر ٹھہرے تھے، جہاں سنگاپور سے واپس آنے والا ایک شخص بھی تھا۔ عین ممکن ہے کہ ان افراد کا آپس میں رابطہ ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس منتقل ہوگیا ہو۔ حکام کے مطابق فرانس میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہو چکی ہے۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ کورونا وائرس کے مزید 2 کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد وہاں مجموعی مریضوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ دو نئے متاثرین کا تعلق چین اور فلپائن سے ہے، جنہیں انتہائی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ سنگاپور میں بھی 33 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ دریں اثنا چین میں ایک امریکی شہری بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔ اس حوالے سے امریکی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مہلک وبا سے متاثرہ 60 سالہ امریکی شہری ووہان کے اسپتال میں زیر علاج تھا۔ حکام نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے چین میں اموات کی تعداد 722 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 546 تک پہنچ گئی ہے۔ چینی وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 86 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا کا پھیلاؤ جاری‘ چین میں 722ہلاکتیں
القمر
