English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بنگلادیش نے بھوکے پیاسے روہنگیائوں کو مرنے کیلئے چھوڑدیا

القمر

ڈھاکا (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلادیش نے میانمر سے ہجرت کرکے آنے والے روہنگیا مسلمانوں کی آمد کا راستہ بند کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق بنگلادیشی وزیر خارجہ عبدالمنعم نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ کسی روہنگیا مہاجر کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ بنگلادیش ہی سے دوسرے ممالک کی ذمے داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر سے بنگلادیشی شہری وطن لوٹ رہے ہیں۔ اس صورت حال میں ہمارے پاس غیر ملکیوں یا پناہ گزینوں کو چھت مہیا کرنے کے لیے کوئی جگہ نہیں رہی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمر میں جبر و ظلم سے بھاگ کر 10لاکھ روہنگیا افراد بنگلا دیش کے پناہ گزیں کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ دوسری جانب انسانی حقوق کے عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ میانمر کی فوج کے ظالمانہ جرائم کے نتیجے میں بنگلادیش کو بھاری بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ڈھاکا حکومت کشتیوں میں بھرے ہوئے پناہ گزینوں کو سمندر میں مرنے کے لیے چھوڑ دے۔ ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا کے لیے ڈائریکٹر بریڈ ایڈمز کا کہنا تھا کہ بنگلادیشی وزیر اعظم حسینہ واجد روہنگیاؤں کو پناہ اور تحفظ دینے کی بنا پر خود کو انسانیت کی ماں کہتی ہیں۔ اور اب حال یہ ہے کہ جب پوری دنیا کورونا وائرس کے سلسلے میں آگے بڑھ کر انسانیت کی خدمت کررہی تو ڈھاکا حکومت اپنے کیے پر پانی پھیر کر روہنگیا مہاجرین کو دھتکار رہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں بنگلادیش پر دباؤ ڈالیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے