افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا کہنا ہے کہ طالبان امریکا سے تاریخی معاہدے پر عمل کے لیے پر عزم ہیں، امریکی حکام کسی کو اس معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے نہ دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کہا کہ امریکا اور دوسرے فریق بھی افغانستان میں امن کے لیے اپنے وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کریں۔
ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے مزید کہا کہ امریکا بھی خطے میں امن کے لیے یہ موقع ضائع نہ کرے، امریکی حکام کسی کو اس معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے یا موقع ضائع کرنے کی اجازت نہ دیں۔
دوسری جانب امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے انہوں نے قطر میں طالبان مذاکراتی وفد کے سربراہ ملابرادر سے ملاقات کی اور وہ بھی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے طالبان پر واضح کردیا ہے کہ افغانستان میں پرتشدد کارروائیاں اب رک جانی چاہییں۔
