لورالائی (این این آئی) لورالائی میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک پروقار تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی سابق گورنر بلو چستان سردار گل محمد خان جوگیزئی تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔ تقریب میں کمشنرژوب ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ، ڈی سی کیپٹن (ر) فیاض علی، ڈی پی او جواد احمد طارق سمیت سول و فوجی افسران، قبائلی عمائدین، سابق ناظمین، اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے سابق گورنر سردار گل محمد خان جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی ایک عظیم نعمت سے کم نہیں، ہمارے بزرگوں اور مسلمانان ہند نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی بدولت پاکستان کو آزادی دلوائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کی قدر اور عزت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی قدر نہ کرنے والی قومیں تباہ اور دنیا میں عزت نہیں پاتیں بلکہ وہ تاریخ میں قصہ پارینا بن جاتی ہیں۔ ہمیں ایک قوم بننا ہوگا، ہمیں اتحاد، اتفاق اور تنظیم کے بنیادی اصولوں کو اپنا کر ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر شعبہ زندگی میں شفافیت کو اپنانا چاہیے، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے بھی ہمیں جان فشانی سے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک و صوبے میں ملک دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ ہر ممکن مدد اور مکمل تعاون کرنا چاہیے۔ ملک کی سا لمیت پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے، ہمیں ایک دوسرے کی مدد اور دکھی انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کو اپنا شعار بنا کر ملک کو دنیا میں ایک منفرد مقام دینا ہے۔ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہر طرح کی معدنیات، جنگلات، سمندر اور مناسب آب و ہوا سے نوازا ہے، ہمیں پل پل اس ملک کی قدر و خدمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے، وہ اسرائیل سے مل کر ہمارے خلاف سازشیں کررہا ہے لیکن ہم اللہ کے فضل و کرم سے ایک ایٹمی ملک ہیں، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں رشوت ستانی، کرپشن، ناانصافی اور سفارش کلچر کیخلاف مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
