English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان اسلام کے نام پر بنا لیکن آج تک اسلام نافذ نہ ہوسکا ، سینیٹر مشتاق خان

القمر

 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا وطن ہے، یہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نہیں مٹاسکتی، پاکستان اللہ کی رحمت کا مظہر ہے، اس کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، افغانستان، شام ، لیبیا، فلسطین اور شام کے مسلمانوں کی حالت کو دیکھ کر آزادی کی نعمت اور اس کی قدر و قیمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا لیکن اس میں آج تک اسلام نافذ نہ ہوسکا۔ ستر سال سے کرپٹ طبقہ اور مافیا پاکستان کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے۔ ان کرپٹ حکمرانوں نے اس ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ حقیقی آزادی کے لیے ان کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑانا ضروری ہے۔ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جو نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا۔ جماعت اسلامی نے پاکستان کی سا لمیت اور حفاظت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ہم پاکستان کی آزادی اور سا لمیت کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں وطن عزیز کی 73ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پرچم کشائی کی ایک سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امراء نور الحق، عنایت اللہ خان، مولانا تسلیم اقبال، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ سمیت المرکز الاسلامی پشاور کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشتاق احمد خان نے پرچم کشائی کی اور پاکستان کا پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستان کی سا لمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب میں پاکستان کی 73ویں سالگرہ پر مشتاق احمد خان نے کارکنان کو مٹھائی کھلائی اور پاکستان زندہ باد، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ لاکھوں افراد نے اسلامی نظام کے نفاذ کے خاطر ہندوستان سے ہجرت کی لیکن پاکستان میں اسلامی نظام نافذ نہ ہوا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان بدامنی، لاقانونیت، دہشت گردی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ سمیت بہت سے دیگر مسائل کا شکار ہے۔ ستر سال سے حکمران اس ملک کو صرف لوٹتے آئے ہیں۔ ترقی کے نام پر عوام کو سبز باغ دکھانے والے عبرتناک انجام سے دوچار ہوں گے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے، اس کا دفاعی نظام ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کے بہترین مسلح افواج کی موجودگی میں اسے امریکا یا مودی سے نہیں بلکہ ایسے حکمرانوں سے خطرہ ہے جو نظریہ پاکستان کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔ وطن عزیز کا دفاع ہم سب پر فرض ہے۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کے دفاع کسی قسم کا دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے