لاہور (جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈاورپی ٹی وی اسپورٹس نے 3 سالہ براڈکاسٹ معاہدے پر دستخط کردئیے۔ اس گیم چینجر معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ 200 ملین امریکی ڈالر کمائے گا۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے آئی میڈیا کیمونیکیشن سروسز کے ساتھ کیبل ڈسٹریبیوشن کا معاہدہ بھی کرلیا ۔ دونوں معاہدوں پردستخط کے لیے منعقدہ تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ فریقین کے درمیان براڈکاسٹ کا یہ معاہدہ 2020 سے 2023 تک جاری رہے گا۔سال 2023 تک جاری رہنے والے معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ہوگا۔30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پراڈکشن پی سی بی اور براڈکاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔یہ معاہدہ پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب کرے گا۔اس معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئندہ 3 سال میں 200 ملین امریکی ڈالر ملیں گے جس سے پی سی بی کے ذرائع آمدن میں اضافہ ہوگا۔3 سالہ براڈکاسٹ معاہدے کو حتمی شکل دینے میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کرداراہم رہا۔احسان مانی گزشتہ 4 ماہ سے اس ڈیل پر کام کرررہے تھے۔احسان مانی اس سے قبل آئی سی سی اور پی سی بی کومنافع بخش براڈکاسٹ ڈیل کرانے میں شہرت رکھتے ہیں۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے پی سی بی کی مستقل حمایت پر پیٹرن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ پی ٹی وی اسپورٹس کی پراڈکشن میں جدت لا نے اور کیبل نیٹ ورک کو ڈیجٹیلائز کرنے پر وزیر اطلاعات شبلی فراز اوروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ احسان مانی نے معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر پی ٹی وی کے بورڈ، چیئرمین اور ایم ڈی پی ٹی وی سمیت صدر آئی میڈیا کیمونیکیشن اور کیبل ایسوسی ایشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے کو حتمی شکل دینے پر پی ٹی وی اور آئی میڈیا کیمونیکشن سروسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈکاسٹنگ ڈیل ہے۔براڈکاسٹ کا یہ معاہدہ صرف پاکستان کے لیے ہے۔ پی سی بی بین الاقوامی علاقوں کے لئے اپنے نشریاتی حقوق کو بھی جلد حتمی شکل دے گا۔ پی سی بی اپنے ڈیجیٹل میڈیا حقوق کے نئے اسٹرکچر کا اعلان بھی جلد کردے گا۔
پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کا 3 سالہ معاہدہ طے پاگیا
القمر
