کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج پیش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی، تحریک عدم اعتماد بی اے پی کے ناراض ارکان اسمبلی ایوان میں پیش کریں گے۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے ناراض اور اپوزیشن اراکین نے اپنی عددی اکثریت ظاہر کردی، اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کے عشائیہ میں 36 اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی کے چیف آرگنائزر جان محمد جمالی کا کہنا ہے کہ میں نے ایک ہفتے پہلے جام کمال کو کہا تھا کہ مستعفی ہو جائیں، کھیل ختم ہوگیا ہے، جام صاحب کو اب چلے جانا چاہیے۔
ناراض اور اپوزیشن اراکین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 40 اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، جام کمال نے اکثریت کا اعتماد کھو دیا وہ اب وزیر اعلیٰ نہیں رہے، جام کمال کے پاس اب بھی وقت ہے کہ استعفیٰ دے دیں، اس پہلے کہ اسمبلی انہیں نکالے وہ خود استعفیٰ دے دیں۔
ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ناراض اور اپوزیشن اراکین کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ اپوزیشن کے چند ممبران اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، ان کا اصل مقصد حکومت حاصل کرنا نہیں بلکہ بلوچستان کو تباہی کی طرف لے جانا ہے، مخالفین کو کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔

