جرمنی کے چانسلر اولاف شُولز نے کہا ہے کہ یوکرائن کی سرحدوں کا برقرار رہنا یورپ کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
جرمن چانسلر شُولز نے بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد فرانس کے صدر امانوئیل ماکرون کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ اجلاس میں ہم نے یوکرائن کی سلامتی کے موضوع پر بات چیت کی۔ اس معاملے میں یورپی یونین اراکین کے درمیان اتحاد کا مشاہدہ میرے لئے باعثِ مسرت ہے۔
شُولز نے کہا ہے کہ یورپ کی سرحدوں کا موجودہ شکل میں برقرار رہنا ہمارے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ سلامتی کا معاملہ ہر ایک کے لئے اہم ہے اور اس معاملے میں یورپی اتحاد کے سلامتی سے متعلقہ اصول کا احترام کر کے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس بات کو ذہن نشین رکھا جانا چاہیے کہ سرحدوں کی خلاف ورزی کا جواب دیا جائے گا۔
چانسلر شُولز نے کہا ہے ہم نے برسلز میں یوکرائن کے صدر ولادی میر زلنسکی کے ساتھ ملاقات کی اور نورمینڈی فارمیٹ کی بحالی کے معاملے میں اتفاق رائے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے نارتھ اسٹریم 2 قدرتی گیس پائپ لائن کے ورک لائسنس کو یوکرائن بحران میں کمی کی کوششوں سے منسلک کرنے کی مخالفت کی اور کہا ہے کہ "نارتھ اسٹریم 2 ایک نجی منصوبہ ہے ۔ یورپی انرجی قانون کے دائرہ کار میں لائسنس کا فیصلہ جرمن حکام کی طرف سے کیا جائے گا”۔
فرانس کے صدر امانوئیل ماکرون نے بھی اقتصادیات اور صنعت جیسے معاملات میں یوکرائن کی مدد پر زور دیا اور کہا ہے کہ یوکرائن کے معاملے میں روس کے ساتھ مذاکرات کرنے اور مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ماکرون نے کہا ہے کہ اس حوالے سے فوجی و سلامتی سے متعلقہ پیشرفتوں پر بھی ہم بغور نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
