سجاول(نمائندہ جسارت ) جمعیت علما اسلام ضلع سجاول کا اجلاس امیر مولانا صالح الحداد کی صدارت میں ہوا، جس میں جے یو آئی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ھالیجوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں جے یو آئی رہنما مفتی نذیر عمرانی،حافظ فضل اللہ فیاض،مولانا انور سومرو،ضلعی ترجمان حنیف سومرواورمولوی اشرف میمن سمیت کارکنان اور عہدیداران نے شرکت کی۔اس موقعے پر تنظیمی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی جس کے بعد جی یو آئی کے مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ھالیجوی نے کہا کہ سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کرتے ہیںجاںبحق ہونے والوں کی مغفرت کے لیے دعا کرتے ہیں ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے قیامت خیز واقعے پر دلی افسوس ہوا۔جے یوآئی کے مقامی ذمے داران کی جانب سے متاثرین کو دن بھر ریسکیو کیا گیا،ناقص حکومت انتظامات اور لاپرواہی کے باعث سانحہ رونما ہوا،اللہ تعالی مری میں مزید انسانی جانوں کے ضیاع سے بچائے، حکومتی بدانتظامی کے باعث خوشی کے لمحات سیاحوں پر قیامت بنے،مری کے عوام کی جانب سے متاثرین کے بحالی کے اقدامات اطمینان بخش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی داخلہ اور خارجی پالیسی کی وجہ سے ملک کو برا نقصان ہوا ہے.لوگوں کو پچاس ہزار گھر اور نوکریاں دینے کا وعدہ کہا گیا عوام کو مزید بیوقوف نہ بنایا جائے،اس حکومت سے اب جان چھڑانی ہوگی.پی ڈی ایم مارچ میں کراچی سے اسلام آباد تک اس حکومت اور مہنگائی کے خلاف مارچ کریں گے جس میں پاکستانی عوام ہمارے ساتھ ہوگی۔جے یو آئی کے کارکنان آج سے ہی تیاری شروع کردیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں جے یو آئی بھرپور مقابلہ کرے گی کوئی وارڈ کوئی یوسی ہم نہیں چھوڑیں گے اپنا امیدوار کھڑا کریں گے۔امید ہے جس طرح خیبرپختونخوا میں کامیابی حاصل کی اس طرح پورے ملک میں جے یو آئی اس طرح کامیاب ہوں گے جبکہ جے یو آئی مرکزی رہنما مولانا عبدالقیوم ھالیجوی،مولانا انور سومرو،حنیف سومرو ، محمد خان کھتری،اسماعیل کھتری، جے یو آئی سجاول کے سینئر رہنما استاد حافظ مبارک کھتری کی ان کی رہائش گاہ رحمانیہ منزل پر عیادت بھی کی اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔
