English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اتحادی حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، حسین محنتی

القمر

ٹنڈوآدم(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی اور سودی نظام سے نجات حاصل کیے بغیر ملک ترقی اور عوام مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتے، 13 جماعتی اتحادی حکومت نے ملکی تاریخ میں 30 روپے فی لٹراضافہ کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے،جس کی وجہ سے نہ صرف مہنگائی کا نیا طوفان، روزہ مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بلکہ پوری معیشت پر اس کے اثرات پڑیں گے،ایک حکومت کے جانے اور دوسری حکومت کے آنے کے باوجود عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ سے ثابت ہوگیا کہ محض حکومتوں و چہروں سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے،حکمران ٹولہ معاشی بحران کا بہانہ بناکر عوام کی زندگی اجیرن کرنے کے بجائے پیٹرول قیمتوں اضافہ واپس،شاہی اخراجات اور اپنی مراعات و سہولتوں میں کمی کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ٹنڈوآدم پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ طاہر مجید، امیر ضلع رفیق منصوری، نائب امیر مشتاق عادل، جنرل سیکرٹری عبدالغفور انصاری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ ٹنڈوآدم سمیت پورے سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے حدبندیوں سمیت اپنی مرضی کے آروز، ڈی آروز اور عملہ کی تعیناتی اور اسکروٹنی کے باوجود مخالفین کے فارم رد کرواکر سندھ میں پری پول رگنگ کا آغاز کردیا ہے، چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان راجا سکندر سلطان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کا سختی سے نوٹس لے کر سندھ میں فری اور فیئربلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ امیر صوبہ نے سندھ میں نہری پانی کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ سندھ کو اپنے حصہ کا پانی فراہم کیا جائے، نیز دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناکر ٹیل کے کاشتکاروں تک پانی پہنچایا جائے۔ دریں اثناء انہوں نے بلدیاتی امیدواروں کے کنونشن ، برادر تنظیمات اور حلقہ خواتین کے اجتماعات سے الگ الگ خطاب اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے ٹنڈوآدم کے سینئر صحافی ملک احسان غوری کی ہمشیرہ اور جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکن عبدالحمید لودھی کی وفات پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور درجات بلندی کی دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے