اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پاکستان میڈیکل و ڈینٹل کونسل بل2022 سمیت دیگر بل منظور کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق منظورکئے گئے بلز میں فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس ایکٹ 2021کو منسوخ کرنے کا بل ”پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) بل2022 بھی شامل ہے جبکہ انسداد دہشتگردی (ترمیمی) بل سمیت 5نئے بل بھی ایوان میں پیش کر دیئے گئے جنہیں ڈپٹی اسپیکر نے مزید غور کے لئے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا۔
منگل کوقومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں رکن اسمبلی احمد حسین دیہڑ نے مجموعہ ضابطہ فوجداری (ترمیمی ) بل 2022 پیش کیا، رکن اسمبلی قادر خان مندوخیل نے دستور( ترمیمی )بل 2022پیش کیا، رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے مسلم عائلی قوانین( ترمیمی) بل 2022پیش کیا، رکن اسمبلی قادر خان مندوخیل نے انسداد و دہشت گردی (ترمیمی) بل2022پیش کیا،رکن اسمبلی نوید عامر جیوا نے قومی کمیشن برائے حقوق بچگان( ترمیمی) بل 2022پیش کیا، ڈپٹی اسپیکر تمام بل مزید غور کے لئے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیئے۔
اجلاس کے دوران رکن اسمبلی جام عبدالکریم بجار نے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس ایکٹ 2021کو منسوخ کرنے کا بل ”پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پمز بل 2022“منظور کرنے کی تحریک پیش کی ، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رائے شماری کرائی جس کے بعد بل منظور کرلیا گیا جس کے بعد رکن رکن اسمبلی جام عبدالکریم بجار نے پاکستان میں میڈیکل و ڈینٹل کونسل کی تشکیل نو کا بل” پاکستان میڈیکل و ڈینٹل کونسل بل2022“منظوری کرنے کی تحریک پیش کی، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رائے شماری کرائی جس کے بعد بل منظور کرلیا گیا۔رکن اسمبلی قادر خان مندوخیل نے مجموعہ ضابطہ فوجداری (ترمیمی ) بل 2021 منظور کرنے کی تحریک پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ، جس کے بعد قادر خان مندوخیل نے نشہ آور اشیاءپر قابو پانے(ترمیمی)بل2022منظور کرنے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
رکن اسمبلی سید جاوید حسنین نے مجموعہ ضابطہ فوجداری (ترمیمی ) بل 2022 منظور کر نے کی تحریک پیش کی، رائے شماری کے بعد بل منظور کر لیا گیا۔رکن اسمبلی نوید عامر جیوا نے اطفال (گروی مشقت)(ترمیمی)بل2022منظور کرنے کی تحریک پیش کی ، رائے شماری کے بعد بل منظور کر لیا گیا، اجلاس میں دیگر بل بھی منظور کئے گئے۔
