English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فیروز خان کو بچوں کے اخراجات کی مد میں ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم

القمر

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی مقامی عدالت نے علیزے فاطمہ سلطان کی درخواست پر بچوں کے اخراجات سے متعلق درخواست پر اداکار فیروز خان کو حکم دیا ہے کہ وہ بچوں کے اخراجات کی مد میں ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کریں گے۔

فیروز خان اور علیزے فاطمہ کی شادی چار سال رہنے کے بعد ستمبر 2022 میں ختم ہوگئی تھی ، ان کے 2 بچے ہیں اور وہ اس وقت والدہ کے پاس ہیں۔طلاق کے بعد سے علیزے فاطمہ نے کراچی کی مقامی عدالت میں بچوں کے اخراجات دلوانے کے حوالے سے درخواست دائر کر رکھی تھی جبکہ فیروز خان نے اسی کورٹ میں بچوں کی حوالگی سے متعلق مقدمہ دائر کیا ہوا تھا۔

دونوں کی ہی درخواستوں پر اکتوبر سے سماعتیں جاری تھیں اور ابتدائی طور پر دونوں کے درمیان بچوں کے اخراجات کے حوالے سے تنازع جاری تھا اور عدالت نے دونوں فریقین کو اپنی رضامندی کے تحت ہی اخراجات کے معاملات حل کرنے کیلئے وقت دیا تھا تاہم ان کے درمیان اخراجات کے حوالے سے صلح نہیں ہوسکی تھی۔

بعد ازاں اب عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے فیروز خان کو بچوں کے اخراجات کی مد میں ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔رپورٹر سے بات کرتے ہوئے فیروز خان کے وکیل فائق علی جاگیرانی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عدالت نے ان کے مؤکل کو اخراجات کی مد میں ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل نے سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان کو ماہانہ 1 لاکھ جبکہ سالانہ 15 لاکھ روپے تک دینے کی پیش کش کی تھی مگر انہوں نے انکار کر دیا تھا اور اب عدالت نے ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اداکار فیروز خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤکل سے مذکورہ معاملے پر مشورہ کرکے ممکنہ طور پر اپیل بھی دائر کریں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب عدالت کی جانب سے کسی رقم کا حکم دیا جاتا ہے تو فریق ہر حال میں اتنی رقم دینے کا قانونی پابند بن جاتا ہے ، جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی شخص مالی طور پر دیوالیہ بھی ہوجائے تو بھی انہیں رعایت نہیں مل سکتی۔

وکیل کے مطابق ہو سکتا ہے کہ اداکار عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے کہ ماہانہ 80 ہزار روپے کے اخراجات کو مزید کم کروائیں ۔

وکیل کا کہنا ہے کہ عدالت نے اداکار کو 1 سال سے کم عمر بیٹی کیلئے ماہانہ 30 ہزار جبکہ بڑے بیٹے سلطان کے لیے ماہانہ 50 ہزار روپے اخراجات کی مد میں دینے کا حکم دیا ہے ۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عدالت نے فیروز خان کو پانچ دن کے لیے بیٹا حوالے کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے ، اب اداکار 23 دسمبر کو بیٹے کو عدالتی احاطے اور ضمانت سے پانچ تک اپنے ساتھ گھر لے جائیں گے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر اداکار فیروز خان بیٹے کے ہمراہ 5 دن کیلئے شہر سے باہر گھومنے جائیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے