اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پولی کلینک اور پمز میں 2 میڈکل بورڈ بنا دیے گئے۔
پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ میں 7 ڈاکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔چیئرمین کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر فرید اللہ شاہ، فزیشن کارڈیالوجی کنسلٹنٹ ڈاکٹر مامون قادر، آرتھو کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد اختر خان، کنسلٹنٹ ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر سیمہ شان، سرجن سرجری ڈاکٹر تصور مرزا، سی سی ایم او ڈاکٹر امتیاز احمد اور ایسوسی ایٹ پیتھولوجسٹ ڈاکٹر خدیجہ افتخار بورڈ کا حصہ ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے طبی معائنے کے لیے پمز کی جانب سے بنائے گئے دوسرے میڈیکل بورڈ میں 5 ماہر ڈاکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر نعیم ملک کو میڈیکل بورڈ کے سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز عمران خان کی صحت سے متعلق اپنی رپورٹ سے آگاہ کریں گے ۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد نیب ریجنل آفس راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد نیب ریجنل آفس راولپنڈی کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے۔
پولیس نے نیب آفس آنے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کردیے ہیں۔ نیب ریجنل آفس کے باہر اینٹی رائٹس فورس کے دستے پہنچ گئے۔
