English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل عرب سوشل میڈیا پرچھا گئے

القمر

نیویارک:  اقوامِ متحدہ میں اسرائیلی درندگی کی مذمت اور نہتے عوام کی حمایت پر انتونیو گوتیرس عرب دنیا کے سوشل میڈیا پر چھا گئے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سےان کے بیانات کی تعریف کی گئی۔

واضح رہے کہ منگل کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ حماس کے حملے خلامیں نہیں ہوئے، یہ حملے اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کے جواب میں ہوئے ہیں،7اکتوبر کے حملوں کو جواز بنا کر قتل عام کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ان بیانات نے ایک طرف اسرائیل کے سیاسی حلقوں میں کافی تنازع کو جنم دیا اور دوسری طرف عرب دنیا میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کے موقف کی تعریف کی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے گوتیریس کی تقریر کو دیر آید درست آید کے مصداق قرار دیتے ہوئے عرب حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کم از کم گوتیرس کے موقف جیسا ہی موقف ہی اختیار کریں۔

گوتیرس کے بیانات پر ردعمل کے طور پر،اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات منسوخ کردی۔

ایلی کوہن نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر الزام لگایا کہ وہ بین الاقوامی تنظیم کی قیادت کرنے کے لیے “اہل نہیں” ہیں، اور ان سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر گیلاد اردن نے انگریزی زبان میں اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے گوتیرس کے بیانات پر تبصرہ کیا، اور لکھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل ہمارے خطے کی حقیقت سے ناواقف ہیں۔

واضح رہے کہ انتونیو گوتیرس ایک پرتگالی سیاست دان ہیں جو اپنے ملک میں داخلی اور خارجی عہدوں پر فائز رہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 13 اکتوبر 2016 کو انہیں جنوبی کوریا کے بان کی مون کی جگہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے منتخب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے