اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 80 سے 90 فیصد لوگ بے گناہ قید ہیں، عید پر عام معافی دی جائے۔
اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید پڑھی لکھی خواتین ہیں ،صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی رہائی کی اپیل کرتا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ عدالتیں چھوٹی پڑگئی ہیں بے گناہ لوگوں کی تعداد زیادہ ہے، اڈیالہ میں غریب لوگ ہیں اس گرمی میں 500 لوگوں کی پیشی ہوتی ہے، حالات اتنے خراب ہوگئے ہیں کہ راولپنڈی میں جنازے لوٹے جارہے ہیں، فوج کی عزت ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے لیکن اس سے کیا پیغام جارہا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ اگلے 45 دن اہم ہیں، لوگ تنگ ہیں ملک میں اب سیاسی فیصلے ہونگے،ملک کو تباہی سے بچایا جائے، ملک تباہی کے کنارے کھڑا ہے، سرمایہ کار ملک سے باہر جا رہے ہیں تو بیرون ملک سے کون سرمایہ کار آئے گا۔

