
واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ملازمین نے تنخواہوں میں مطلوبہ اضافہ نہ کرنے پر ہڑتال کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے 30 ہزار ملازمین نے کمپنی اور یونین لیڈر کے درمیان ہونے والے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارہ ساز کمپنی کی انتظامیہ اور یونین لیڈر کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت بوئنگ ملازمین کو 4 سالوں کے دوران تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کرنے کی پیشکش کی گئی تھی جسے ووٹنگ کے بعد 95 فیصد ملازمین نے مسترد کردیا۔ رپورٹ کے مطابق یونین نے اس سے قبل ملازمین کی تنخواہوں میں 40 فیصد تک اضافہ کرانے کا ہدف طے کیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ اور یونین کے درمیان موجودہ کنٹریکٹ 2008 ء میں ہوا تھا ۔ 2014 ء میں اس میں توسیع کردی گئی تھی ،تاہم اس معاہدہ کی معیاد اب ختم ہوچکی ہے اور ملازمین نیا فیصلہ آنے سے قبل ہڑتال کرکے مطالبات منوانے کی کوشش کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ میں بوئنگ کمپنی کے پیداواری معیار میں خامیوں کی نشاندہی کرنے والا جان بارنیٹ نامی سابق ملازم اپنی گاڑی میں مردہ پایا گیاتھا۔
