لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ میں چوریوں سے متعلق ہونے والی کانفرنس میں پولیس افسران کی موجودگی کے دوران خاتون وزیر کا پرس چوری ہو گیا۔ یہ دلچسپ واقعہ وسطی لندن میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ایسوسی ایشن کی کانفرنس میں پیش آیا جہاں برطانیہ کی پولیس اور کرائم کی وزیر ڈیانا جانسن کا بیگ اس وقت چوری ہوگیا جب وہ ملک میں چوری اور شاپ لفٹنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اظہار خیال کر رہی تھیں اور اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حکومتی اہلکار نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران ڈیانا جانسن کا بیگ چرایا گیا۔ چوری کے واقعے میں کسی سیکورٹی رسک کی نشان دہی نہیں کی گئی ہے جب کہ برطانیہ کے ہوم آفس نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب ورکشائر پولیس کا کہنا ہے واقعے کی تفتیش کے دوران میں ایک 56 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جسے بعد میں ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔ واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں برطانیہ میں چوری اور شاپ لفٹنگ کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آفس آف نیشنل اسٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس مارچ تک ملک بھر میں مجموعی جرائم کی شرح میں کمی دیکھی گئی لیکن بیگ اور موبائل فون کی چوری کی وارداتوں میں 40 فیصد اضافہ بھی دیکھنے میں آیا۔
