سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج صوبائی انتخابات ہو رہے ہیں،بھارتی غیر قانونی قبضے والے اس علاقے میں ایک دہائی بعد یہ پہلے انتخابات ہیں ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تقریباً 9 ملین رجسٹرڈ ووٹرز تین مرحلوں میں ہونے والے انتخابات میں علاقے کی 90 نشستوں کے لیے اسمبلی کے ارکان کا انتخاب کر رہے ہیں، جب کہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 8 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
مقبوضہ وادی ، بھارت کی واحد مسلم اکثریتی ریاست ہے جس کو 2019 تک ایک خصوصی جزوی خودمختاری کی حیثیت حاصل تھی ، جسے بعد میں نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ختم کر دیا۔
مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی نیم خودمختار حیثیت ، جو کہ آئینی طور پر اس بات کی ضمانت دیتی تھی کہ ریاست اپنے معاملات پر کنٹرول رکھتی ہے، کا مطلب یہ تھا کہ صرف وہی لوگ ووٹ ڈال سکتے تھے اور جائیداد کے مالک ہو سکتے تھے جو 1934 سے یہاں کے رہائشیوں کی اولاد ہیں ۔
یہ انتخابات بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ سال حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھنے کے بعد ہو رہے ہیں، جس نے مقامی انتخابات کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی ۔
بھارتی وزیراعظم مودی نے ایک پوسٹ میں کہا کہ”جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے آغاز پر میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کو مضبوط کریں ” ۔
اس بار کا مقابلہ علاقائی جماعتوں کے درمیان ہے، جو خصوصی حیثیت کی بحالی کا وعدہ کر رہی ہیں، بھارت کی اہم اپوزیشن کانگریس پارٹی، جو ایک اہم علاقائی گروپ کے ساتھ اتحاد میں ہے، اور بی جے پی، جو ترقی اور بغاوت کے مستقل خاتمے کے وعدے کے ساتھ میدان میں ہے۔
اسمبلی کو مقامی مسائل پر بحث کرنے، قوانین بنانے اور علاقے کے انتظام کے لیے فیصلوں کی منظوری دینے کا اختیار ہوگا لیکن خصوصی حیثیت کی بحالی نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ وفاقی حکومت کا دائرہ اختیار ہے۔
آئی آئی او جے کے میں دہائیوں سے 5 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ یہ خطہ کشمیری جماعتوں پر پابندیوں، کرفیو، کریک ڈاؤن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے عام شہریوں اور آزادی کے متوالوں کے قتل کا سامنا کرتا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک روز قبل، ملک کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے متنازعہ علاقے کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کا عزم کیا ہے ۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حقوق چھین لیے گئے، اس کی ریاستی حیثیت ختم کر دی گئی، اور اسے ایک یونین ٹیریٹری میں تبدیل کر دیا گیا۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ کانگریس جو نیشنل کانفرنس (این سی) کے ساتھ اتحاد میں انتخابات لڑ رہی ہے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حقوق بحال کرے گی۔

